منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے سرحدی علاقہ راجدھانی سے لمبی پڑی جانے والی رابطہ سڑک گزشتہ 12برسوں کیلئے مکینوں کیلئے درد سر بنی ہوئی ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ حدمتارکہ کے قریبی علاقوں میںرہنے والے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک رابطہ سڑک تعمیر کرنے کا عمل شروع کیا تھا لیکن گزشتہ کئی برسوں سے اس رابطہ سڑک کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی کٹائی کے بعد اس پر بجری بچھائی گئی تاہم ابھی تک تار کول نہیں بچھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے رابطہ سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ خستہ حال سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو ئی ہے جبکہ محکمہ کی جانب سے نہ تو نالیاں نکالی گئی ہیں اور نہ ہی حفاظتی باندھ تعمیر کرنے کیلئے کوئی عملی قدم اٹھایا گیا ہے جس کی وجہ سے سڑک کے ارد گرد آنے والی زرعی زمینیں جہاں پسیوں اور پانی کی نظر ہورہی ہیں وہائیں رہائشی مکانات بھی تباہ ہوتے جارہے ہیں ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ٹھیکیدار کچھ کام کروانے کے بعد ہی فرار ہو جاتے ہیں جبکہ ان کی مشکلات گزشتہ ایک دہائی سے جوں کے توں ہی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک ایک وسیع سرحدی علاقہ کی عوام کو فائدہ پہنچا سکتی تھی لیکن نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔