عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے صحت اور طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو کے ساتھ چرار شریف حلقہ کادورہ کیا۔انہوں نے بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے حلقے میں صحت کی متعدد سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور عام لوگوں کے لیے دستیاب صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈگری کالج چرار شریف میں سپیکر اور وزیر نے 2.28 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کردہ انڈور سپورٹس کمپلیکس اور 97لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے لائبریری بلاک کی توسیع کا افتتاح کیا۔ راتھر نے آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تعمیر میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کا سنگ بنیاد ہے اور تعلیم پر سرمایہ کاری کرکے ہم اپنے بچوں کے روشن کل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔اس موقع پر سکینہ ایتو نے کہا ’’ ہماری حکومت متحرک وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں عام لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ہر شہری چاہے وہ کہیں بھی رہتا ہو، اسے ایسے مواقع تک رسائی حاصل ہو جو ان کی خوشحالی اور ترقی کا باعث بنیں‘‘۔دریں اثناء سپیکر اور وزیر موصوف نے چرارشریف زیارت پر حاضری دی اور خطے کے امن، ترقی، خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا کی۔