مینڈھر //مینڈھر کے ٹائی منکوٹ علاقہ میں ایک رابطہ سڑک کو عام لوگوں کیلئے غیر قانونی طورپر بند کرنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ایس ڈی ایم مینڈھر نے واقعہ کی تحقیقات کرنے کے سلسلے میں تحصیلدارمنکوٹ کو تحریری طورپر لکھا ہے ۔ٹائی منکوٹ کے مکینوں کے ایک وفد نے ایس ڈی ایم مینڈھر کیساتھ ملا قات کر کے اپنا احتجاج درج کرواتے ہوئے کہاکہ کچھ مقامی افراد نے چھجلہ تا ٹائی رابطہ سڑک کو عام لوگوں کیلئے بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔وفد میں شامل اراکین نے بتایا کہ رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل 2007میں شروع کیا گیا تھا جبکہ ابھی تک تعمیر اتی ایجنسی نبارڈ کے زیر تحت بنائی جارہی سڑک پر بجری بچھائی گئی ہے لیکن کچھ مقامی افراد نے غیر قانونی طورپر سڑک کو آمد ورفت کیلئے راستہ میں گاڑی لگا کر بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ 15دنوں سے عام لوگوں کو پیدل سفر کرناپڑرہا ہے ۔فارو ق احمد ،محمد زائد ،محمد اسحاق ،محمد صادق ،نصرت بی وغیرہ نے بتایا کہ علاقہ سے مریضوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کیساتھ ساتھ حاملہ خواتین کی مشکلات میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر کے تحصیلدار منکوٹ کو حکم جاری کرتے ہوئے کہاکہ واقعہ کی جلدازجلد تحقیقات کر کے سڑک کو بحال کروایا جائے ۔