رئیل گنڈ کنگن کا عارضی پل گرگیا

کنگن//تحصیل گنڈ کے رئیل علاقے میں نالہ سندھ پر تعمیر ایک عارضی پل گرجانے کے نتیجے میں دو سو گھرانوں پر مشتمل آبادی کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ علاقے میں نالہ سندھ پر بیس برس قبل ایک عارضی پل قائم کیا گیا تھا جواب تباہ ہوگیا تھا اور ہر برس لوگ اس کی خود مرمت کرتے تھے تاکہ انہیں عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ اس خستہ حال پل کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ کیالیکن آج تک پل کی مرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گذشتہ روز پل گرگیا جس کی وجہ سے ٹھیکری پتی، نلہ ٹھول، بٹہ کلن کا رابطہ بھی منقطع ہوگیا ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ پل پر جلد کام شروع کیا جائے تاکہ علاقے کے لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔