دیہی ترقی محکمہ روزانہ 1100 ماسک تیار کر رہا ہے

سرینگر //ناظم دیہی ترقی محکمہ کشمیر قاضی سرور نے کہا ہے کہ محکمہ دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کیلئے روزانہ 1100 ماسک تیار کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم کورونا وائیرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اٹھایا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ محکمہ نے اس مقصد کیلئے کئی سیلف ہیلپ گروپوں کی خدمات حاصل کی ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ ماسک تیار کئے جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ ماسک تیار کرنے کیلئے ضلع سطح کے ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ غیر سرکاری رضا کار تنظیموں ، مقامی درجیوں ، ایس آر ایل ایم کے سیلف ہیلپ گروپوں ، کے وی آئی بی ، کے وی آئی سی اور دیگر اداروں کی خدمات حاصل کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اے اے وائی راشن کارڈ ہولڈروں ، پینشن مستحقین ، اولڈ ایج ہومز اور یتیم خانوں میں رہنے والے افراد کو فی کس ایک ماسک مفت فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک تقریباً 2 لاکھ ماسک تیار کئے جا چکے ہیں جن میں سے دیہی علاقوں میں ایک لاکھ سے زاید ماسک تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماسک تیار کرنے کا کام اُمید کے تحت 92 سیلف ہیلپ گروپوں کو تفویض کیا گیا ہے اور اب تک روزانہ کی بنیادوں پر تقریباً 10070 ماسک تیار کئے جاتے ہیں ۔ ناظم دیہی ترقی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کی جانے والی ہر ایڈوائیزری پر عمل کریں اور اپنی اور اپنے کنبے کی سلامتی کو یقینی بنائیں ۔