نئی دہلی//دہلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے دارالحکومت دہلی کے شکر پور علاقے میں گولیوں کے تبادلے کے دوران 5 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 3کشمیری اور 2کا تعلق پنجاب سے ہے۔پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو سکھ نوجوان خالصتان تحریک سے وابستہ ہیں۔ڈی سی پی اسپیشل سیل پرمود کشواہا نے بتایا کہ قومی دارالحکومت دہلی کے شکرپور علاقے میں5 افراد ایک تصادم میں پکڑے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ5 میں سے 3 کشمیر اور2 پنجاب کے ہیں۔ کشواہا نے بتایا کہ ان کے پاس سے ہتھیار اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ کشمیر کے تین مبینہ عسکریت پسندوں کی شناخت شبیر احمد، محمد ایوب پٹھان اور ریاض کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں، پنجاب کے دو عسکریت پسند گرجیت سنگھ اور سکھدیپ سنگھ ہیں۔دہلی پولیس نے بتایا کہ پنجاب کے دو سکھ جنگجو ببر خالصہ کے اراکین ہیں جو خالصتان کیلئے کام کررہے ہیں جبکہ تین کشمیریوں کے بارے میں تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔