دہلی سمیت متعدد ریاستوں میں سردی کی لہر برقرار

نئی دہلی// دارالحکومت دہلی سمیت شمالی ہندوستان کی متعدد ریاستوں میں سردی کی لہر برقرار ہے اور کم ازکم درجہ حرارت میں بھی کمی آئی ہے۔قومی راجدھانی دہلی میں نئے سال کی صبح کڑاکے کی ٹھند  اورکہرے کے سبب آس پاس کچھ بھی صاف نظر نہیں آ رہا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت چار ڈگری سیلسیس رہا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ ایک روز قبل یعنی جمعرات کو دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 3.3 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا تھا جو اس موسم کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق  جنوری کے پہلے ہفتے میں مشرقی راجستھان، دہلی، مغربی اتر پردیش میں ہلکی بارش ہوگی۔ دہلی میں بھی 3 سے 5 جنوری تک بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا دہلی میں اس بار ماہ دسمبر میں کم سے کم درجہ حرارت گزشتہ 15 سالوں میں دوسری مرتبہ سب سے کم رہا ہے۔