دہلی اور لکھنؤ میں مقابلہ دلچسپ ہوگا

ممبئی/دہلی کیپٹلس اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان جمعرات کو ہونے والے آئی پی ایل میچ میں دونوں ٹیموں میں دلچسپ ٹکرہوگی۔ لکھنؤ نے اب تک تین میں سے دو میچ جیتے ہیں جبکہ دہلی نے دو میں سے ایک میچ جیتا ہے ۔لکھنؤ نے اپنا پہلا میچ گجرات ٹائٹنز سے پانچ وکٹوں سے ہارنے کے بعد چنئی سپر کنگز کو چھ وکٹوں اور سن رائزرز حیدرآباد کو 12 رنز سے شکست دی۔ دوسری جانب دہلی نے اپنے پہلے میچ میں ممبئی انڈینز کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ اسے گجرات سے 14 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔کل کے میچ میں لکھنؤ کی نظریں جیت کی ہیٹرک پر ہوں گی، جب کہ دہلی پچھلی شکست کو پیچھے چھوڑ کر جیت کے ٹریک پر واپس آنا چاہے گا۔ لکھنؤ کے کپتان لوکیش راہل شاندار فارم میں ہیں اور گزشتہ میچ میں انہوں نے 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔ اس میچ میں فاسٹ بولر آویش خان کی چار وکٹوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اویش کو ان کی باؤلنگ کے لیے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دہلی کے کپتان رشبھ پنت کو یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ اہم اوقات میں اپنا وکٹ نہ گنوائیں۔