دھیری دھڑہ لفٹ اسکیم برائے نام ،لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا

منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے دھیری دھڑہ علا قہ میں لفٹ اسکیم کو مکمل نہ کئے جانے کی وجہ سے علا قہ کی عوام کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے دیہی اور سرحدی علا قوں کو یکسر نظر انداز کیا جارہاہے جبکہ کاغذات میں ہی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے وعدوں کو تحریر کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دھیری دھڑہ علا قہ میں 2010میں ایک لفٹ کو ابھی تک مکمل نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کی ایک بڑی آبادی متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں متعدد بار متعلقہ محکمہ سے رجوع کیا گیا لیکن یقین دہانیوں کے باوجود بھی اسکیم کو عوام استعمال کے قابل نہیں بنایا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ لفٹ اسکیم کو جلداز جلد مکمل کر کے عوام کو فائدہ پہنچایا جائے ۔