دو پہیہ گاڑیوں پر سوار وں کیلئے ہیلمٹ لگانا ضروری: محکمہ ٹریفک

سرینگر//موٹر سائیکل اور سکوٹی سواروں کو متنبہ کرتے ہوئے محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ 14مئی کے بعد اگر کسی بھی دو پہیووں والی گاڑی کو ہائی سیکورٹی پرمشن پلیٹ کے بغیر دیکھا جائے گا تو اس کیخلاف سخت کارروائی اور جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔اس کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل اور سیکوٹی پر اگر دو افراد سوار ہوں گے تو دونوں کیلئے ہیلمٹ لگانا لازمی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق محکمہ ٹریفک نے موٹر سائیکل اور سیکوٹی چلانے والوںسے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی دو پہیہ گاڑیوں پر ہائی پرمشن نمبر پلیٹ لگوائیں ۔ اس ضمن میں ڈی ایس پی ٹریفک اننت ناگ طارق احمدٹاک اور ڈی ٹی آئی بلال احمد بٹ نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ 14مئی تک اپنی گاڑیوں پر ایچ سی پی نمبر پلیٹ لگوائیں اور اگر اس کے بعد کسی کو اس نمبر پلیٹ کے بغیر پایا جائے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوںنے بتایا کہ بغیر ہائی پرمشن نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکل یا سیکوٹی مالک پر پانچ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بتایا کہ دو پہیہ گاڑی پر سوار دونوں افراد کو ہیلمٹ لگانا ضروری ہے اور اب کسی بھی موٹر سائیکل کو جس پر دو افراد سوار ہوں کو بغیر ہیلمٹ چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو بغیر ہیلمٹ کے سیکوٹی یا بائیک چلانے کی اجازت نہ دیں ۔ انہوںنے بتایا کہ عید کے موقعے پر دیکھا جاتا ہے کہ اکثر و بیشتر چھوٹے لڑکے موٹر بائیکوں اور سیکوٹی پر سوار ہوکر بغیر کام کے ہی گھومتے پھرتے ہیں اور تیز رفتاری سے دوڑتے رہتے ہیں ان کے والدین کو چاہئے کہ وہ اس طرح بچوںکو تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں۔