نئی دہلی// مرکزی حکومت نے ملک کی چار ریاستوں میں کئے گئے کورونا ویکسین کے ڈرائی رن کی کامیابی کے بعد اب دو جنوری کو ملک کی سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ڈرائی رن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے جمعرات کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو کورونا ویکسن کے ڈرائی رن کی پوری تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ صحت کے مرکزی سکریٹری راجیش بھوشن نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پرنسپل سکریٹریوں (صحت)اور دیگر طبی افسروں کے ساتھ اعلی سطحی میٹنگ کی اور کورونا ویکسن کے ڈرائی رن کےلئے نشاندہی کی گئی سبھی سائٹ پر کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
ڈرائی رن ٹیکاکاری سے جڑی پورے عمل کو اس طرح سے نافذ کیا جاتا ہے جیسے حقیقت میں ٹیکاکاری مہم چلائی جارہی ہو،اس سے یہ بھی پتہ چل پائےگا کہ ٹیکاکاری کا پورا منصوبہ اور منصوبے کے عمل میں کیا رکاوٹیں آتی ہیں،ان کی پہچان کرکے،ان سے نمٹنے کے طریقے بھی بنائے جاسکیں گے۔اس سے مختلف سطح پر ٹیکاکاری مہم سے جڑنے والے لوگوں کا بھی حوصلہ بڑے گا۔
وزارت صحت نے بتایا کہ ڈرائی رن سبھی ریاستوں کے دارالحکومتوں میں کم از کم تین سائٹ پر ہوگا۔ کچھ ریاستیں ان علاقوں کو بھی ڈرائی رن میں شامل کریں گی،جو دوردراز ہوں اور جہاں سامان کی آمدورفت میں مشکل ہو۔