عشرت حسین بٹ +جاوید اقبال +رمیش کیسر
راجوری // ملک سے پولیو کو ختم کرنے کے عزم کے ساتھ صفر سے 5سال کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا آغاز خطہ پیر پنچال میں 3روزہ ملک گیر انٹینسیفائیڈ پلس پولیو امیونائزیشن (آئی پی پی آئی) مہم کے تحت ہوا۔پہلے دن بوتھوں پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے جبکہ رہ جانے والے بچوں کو کور کرنے کے لیے اگلے 2 روز تک گھر گھر جا کر مہم چلائی جائے گی۔
ریاسی
ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر وشیش مہاجن نے ریاسی کے گورنمنٹ ہائی سکول گیار ماڑی میں پولیو پروگرام کا افتتاح کیا۔ڈی ڈی سی نے پروگرام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بچے کو ٹیکے سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پولیو کے قطرے بوتھ کی سطح پر پلائے جا رہے ہیں، جبکہ 4اور 5مارچ کو گھر گھر جا کر مہم چلائی جائے گی تاکہ تمام بچوں کو پولیو سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بوتھ کے بغیر علاقوں تک پہنچنے کے لیے 12موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ضلع بھر میں 0-5 سال کی عمر کے تقریباً 53,589 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس کی سہولت کے لیے ضلع میں 387 پولیو بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
راجوری
ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اوم پرکاش بھگت نے ضلع میں تین روزہ پلس پولیو پروگرام کا افتتاح کیا۔محکمہ صحت نے 647ویکسی نیشن بوتھوں پر اندازاً 90 ہزار بچوں کو اورل پولیو ویکسین پلانے کا کام شروع کیا ہے۔ایک مضبوط انفراسٹرکچر بشمول 2588 ٹیم ارکان اور 125 سپروائزر آپریشنز کی نگرانی کررہے ہیں۔ اس اقدام کو 12ٹرانزٹ پوائنٹس کے قیام اور ضلع کے اندر 32ہائی رسک والے علاقوں پر توجہ مرکوز کرنے سے مزید تقویت ملی ہے۔ڈی ڈی سی نے پولیو کے کمزور اثرات سے بچوں کو بچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی غیر متزلزل عزم پر زور دیتے ہوئے اس اقدام کی بنیادی اہمیت کو اجاگر کیا۔ محکمہ صحت کے آفیسران نے بتایا کہ راجوری ضلع میں پہلے دن 85فیصد سے بھی زائد بچوں کو یہ دوائی پلائی گئی ہے جبکہ بچے ہوئے بچوں کو اگلے دو دن میں یہ دوائی پلائی جائے گی اور اس چیز کو یقینی بنایا جائے گا کہ ضلع کے سبھی بچے اس مہم کے تحت پولیو بیماری کے خلاف یہ دوائی پی لیں۔انکا مزید یہ کہنا تھا کہ کچھ ایک علاقوں میں باری برف باری ہونے کے باوجود اس مہم کو کامیابی کے ساتھ چلایا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ راجوری ضلع میں کل 90ہزار 300 بچوں کی نشاندہی کی گئی تھی جو کہ پانچ سال تک کی عمر میں آتے ہیں اور انہیں پولیو کی دوائی پلائی جانی تھی جبکہ پہلے روز 77ہزار سے بھی زائد بچوں کو یہ دوائی پلائی گئی ہے۔
منڈی
میڈیکل بلاک منڈی میں بھی صفر سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کی دو بوندیں پلانے کی مہم کا آغاز ایتور کو کیا گیا جس دوران منڈی میڈیکل بلاک کے تحت پڑنے والے چوبیس ہزار سے زائد بچوں کو مہم کے پہلے دن پولیو کی خوراک پلائی گئی ۔منڈی میڈیکل بلاک میں بی ایم او منڈی کی جانب سے139مراکز قائم کیے گئے تھے جس دوران 27ہزارصفرسے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے تھے۔ بلاک میڈیکل آفسر منڈی ریاض احمد جان کے مطابق پولیو مہم کے پہلے دن کے دوران 24ہزار سے زائد بچوں کو اس دوائی کے قطرے پلائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نامساعد موسمی صورت حال اور برف باری کے باوجود بھی میڈیکل بلاک کے 139پولیو مراکز میں 24ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کی خوراک پلائی گئی۔ بی ایم او موصوف کا کہنا تھاکہ جو بچے پہلے روز پولیو مراکز تک نہیں پہنچ پائے انہیں آنے والے دو دنوں میں گھر گھر جاکر یہ خوراک پلائی جائے گی۔
مینڈھر
سب ڈویژن مینڈھر میں پلس پولیو کی دو بوندیں پانچ سال تک کے بچوں کو پلائی گئیں۔ بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر اشفاق چودھری نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 23985بچوں کو پلس پولیو کی بوندیں پلانے کیلئے 120پولیو سینٹر بنائے ہوئے تھے جس کیلئے 240ملازم تعینات کئےگئے تھے اور 24سپروایزر تھے جو پولیو بوتھ چیک کر رہے تھے ۔جبکہ تین ٹرانزٹ سینٹر بنائیے ہوئے تھے تاکہ گاڑيو ںمیں سفر کرنے والے بچوں کو پلس پولیو کی بوندیں پلائی جائیں۔بی ایم او مینڈھر نےکہا کہ 80فیصد پولیو کی دو بوندیں پہلے دن پانچ سال تک کےبچوں کو پلائی گئی اور باقی 20فیصد بچوں کو اگلے دو دن بعد ہر گھر جا کر ملازم پلائیں گے تاکہ کوئی دو بوند زندگی کے پئے بغیر نہ رہے ۔
نوشہرہ
محکمہ صحت نوشہرہ کے تحت پرائمری ہیلتھ سنٹر، سب سنٹر، پنچایت ہاؤس، مین چوک اور مارکیٹ میں قائم 66پولیو مراکز میں 11 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ مرکز اور محکمہ کی جانب سے بنائے گئے مراکز میں 5سال تک کی عمر کے 11ہزار 939 بچوں کو پولیو کے مرض سے بچاؤ کے لیے پولیو کے خاتمے کے قطرے پلائے گئے۔اس مہم میں آشا ورکروں، آنگن واڑی ورکروں وغیرہ نے بھی حصہ لیا۔