پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور افتادہ گائوں چھیلہ ڈھانگری کی عوام اس ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور سب سے زیادہ مشکل سڑک رابطے کا نہ ہوناہے جس کے باعث انہیں کئی کئی کلو میٹر کاسفر پیدل طے کرناپڑتاہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیرعظمیٰ سے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ سڑک نہ ہونے سے وہ سخت پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی پر زور اپیل کے بعد اس علاقہ کو سڑک رابطہ سے جوڑنے کے لئے تعمیراتی کام شروع توکیا گیا تھا لیکن کچھ روز تک کام ہونے کے بعد اسے اچانک سے بند کردیاگیا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ متعلقہ ٹھیکیدار کاکہناہے کہ محکمہ جنگلات نے کام بند کروادیاہے جبکہ محکمہ کیسے کام بند کرواسکتاہے جب اس سے پہلے سے ہی اجازت لی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چھیلہ ڈھانگری کے لوگ آج بھی وہی زندگی بسر کررہے ہیں جو زندگی 1947میں تھی اور ترقی کے اس دور میں ان کے معیار زندگی میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو منڈی سے ڈھانگری سامان اپنے کاندھوں پر ڈھوکر لانا پڑتا ہے اور اگر خدا نخواستہ کوئی بیمار ہو جاتا ہے تو منڈی ہسپتال منتقل کرنے تک کئی بار مریض راستے میں ہی دم توڑ جا تا ہے۔ایک مقامی شخص شوکت علی کاکہناہے کہ انہوں نے سڑک کی تعمیر کے لئے ہر ایک سے اپیل کی لیکن کہیں کوئی سنوائی نہیں ہورہی ۔ انہوں نے کہاکہ سڑک بن جانے سے دیگر سہولیات بھی میسر ہونے لگیں گی مگر افسوس کہ ان کے گائوں کو سڑک روابط سے ہی نہیں جوڑاجارہا اور نہ ہی متعلقہ حکام اس حوالے سے سنجیدہ نظر آتے ہیں ۔شوکت کے مطابق سڑک نہ ہونے کی وجہ سے درپیش مشکلات کے بارے میں وہ خود ہی جانتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ سڑک کی تعمیر کاکام فوری طور پر شروع کرواکے اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت جاری کریں ۔