عظمیٰ نیوز ڈیسک
مہاراشٹرا// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو بحال نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور اس کے اتحادیوں کو ’’پاکستان ایجنڈے ‘‘کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہئے اور علیحدگی پسندوں کی زبان نہیں بولنی چاہئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈیا بلاک پر الزام لگایا کہ وہ جموں و کشمیر سے آئین کو ہٹانا چاہتا ہے اور کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت وہاں دفعہ 370 کو بحال نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا ’’جموں و کشمیر میں صرف امبیڈکر کے آئین کی پیروی کی جائے گی ،آپ نے ٹی وی پر دیکھا ہوگا کہ کس طرح جموں و کشمیر اسمبلی میں دفعہ 370 کو واپس لانے پر ایک قرارداد پیش کی گئی اور جب بی جے پی ممبر اسمبلی نے احتجاج کیا تو انہیں باہر پھینک دیا گیا، ملک اور مہاراشٹر کو یہ سمجھنا چاہئے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر ایس ٹی (شیڈولڈ ٹرائب)، ایس سی (شیڈولڈ کاسٹ) اور او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات) متحد رہیں تو کانگریس کی سیاست ختم ہو جائے گی۔