واشنگٹن/ ریوڈی جنیرو/ نئی دہلی// دنیا میں کورونا وائرس کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس وائرس سے جہاں ابھی تک 15.05 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، وہیں 31.62 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کورونا سے اموات کے معاملے میں امریکہ سر فہرست ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سیٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا کے 192 ممالک میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 15 کروڑ 30 ہزار 783 ہوگئی ہے جبکہ 31 لاکھ 62 ہزار 166 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عالمی طاقت سمجھے جانے والے ملک امریکہ میں کورونا وائرس کا قہر مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 22 لاکھ 88 ہزار ہو گئی ہے جبکہ 575193 مریض اس وبا سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
دنیا میں کورونا کیسز میں ہندوستان دوسرے مقام پر اور ہلاکتوں کے معاملے میں چوتھے نمبر پر ہے۔ یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 87 لاکھ 62 ہزار 976 ہو گئی ہے اور اس وائرس کو ایک کروڑ 53 لاکھ 84 ہزار 418 افراد شکست دے چکے ہیں اور ابھی تک 208330 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
برازیل کورونا سے متاثر ہونے کے معاملے میں اب تیسرے نمبر پر ہے۔ ملک میں ایک بار پھر کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں اور اب تک اس وبا سے ایک کروڑ 45 لاکھ 21 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وبا سے 400186 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل کورونا سے ہونے والی اموات کے معاملے میں دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔