سرینگر// پولیس کے ڈائریکٹر جنرل جموں و کشمیر دلباغ سنگھ نے سنیچرکو پولیس ورکشاپ اور پولیس ہسپتال سرینگر میں کام کاج کا جائزہ لیا۔انہوں نے پولیس ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں جاری تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا۔ پولیس ورکشاپ کا معائنہ کرتے ہوئے اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی صلاحیت میں اضافے پر زور دیا۔ ڈی جی پی نے محکمہ کو زیادہ سے زیادہ خدمات کو یقینی بنانے کے لئے دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے گاڑیوں کا معائنہ کیا جن میں اضافی حفاظتی خصوصیات کے ساتھ ورکشاپ میں ترمیم کی گئی ۔ڈی جی پی نے ورکشاپ میں تعینات پولیس کی تکنیکی ٹیم کے ساتھ بات چیت کی اور زمینی طور پر اہلکاروں کے لئے حفاظتی ضروریات کو بہتر بنانے میں ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ورکشاپ کے مختلف یونٹوں کا معائنہ بھی کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ اہلکاروں اور محکمہ کو ضروری خدمات کی فراہمی میں زیادہ لگن کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے ورکشاپ میں تعینات اہلکاروں کو نقد انعامات دینے کا اعلان کیا۔ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس ورکشاپ محکمہ کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ انہیں مردوں اور مشینری کی نقل و حمل کے لئے استعمال ہونے والی محکمانہ گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کو ہر حالت میں اور مختلف حالات میں یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ورکشاپ کے افسران پر زور دیا کہ وہ یونٹ کے مکنیکوں کے لئے مہارت میں اضافہ ورکشاپ / کورسز کا انتظام / انعقاد کریں۔ایس ایس پی ورکشاپ سرینگر ڈاکٹر ایس ڈی چودھری نے ورکشاپ میں کام کرنے اور مختلف اسائنمنٹس کے بارے میں ورکشاپ میں پیش رفت کے تحت ڈی جی پی کو آگاہ کیا۔بعد اذاں ڈی جی پی نے پولیس ہسپتال سرینگر کا دورہ کیا اور ٹراما سنٹر کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کیا اور عمارت کی جلد تکمیل پر زور دیا۔ ڈی جی پی نے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ پولیس ہسپتال سرینگر سے بات چیت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ پولیس ڈاکٹر بلال راجہ نے ہسپتال کے کام کاج اور اسپتال میں دستیاب صحت کی سہولیات سے متعلق ڈی جی پی کو آگاہ کیا۔