نئی دہلی//مرکزی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ 5اگست2019کے بعد جموں وکشمیر میں جنگجویانہ سر گرمیوں، پتھرائو اور شہری وسیکورٹی فورسز کی ہلاکتوں کے گراف میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وزارت داخلہ وزیر مملکت جی کشن ریڈی نے ممبر پار لیمنٹ انیل دیسہ کے سوال کے جواب میں کہا کہ 5 اگست 2019کو لئے گئے مرکزی حکومت کے فیصلہ جات کے بعد سے جموں وکشمیر میں جنگجویانہ سرگرمیوں ، پتھرائو کے واقعات ،شہری اور سیکورٹی فورسز کی ہلاکتوں میں کافی کمی آئی ہے۔انہوں نے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ 7اگست 2018سے لیکر 4 اگست 2019تک جموں وکشمیر میں تشدد کے 443 واقعات رونما ہوئے جبکہ 5اگست 2019 تک اسی عرصے کے دوران صرف 206 تشدد کے واقعات رونما ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ مرحلے کے دوران 703پتھرائو کے واقعات رونما ہوئے جبکہ5 اگست 2019کے بعد 310 واقعات پیش آئے ۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران عام شہری کی 45 جبکہ سیکورٹی فورسز کی49ہلاکتیں ہوئیں۔