نئی دہلی// دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کشمیر میں کم از کم 96 عام شہری مارے گئے ہیں، حالانکہ سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں 366 جنگجو بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
بدھ کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران مرکزی حکومت نے یہ اعداد و شمار پیش کئے ہیں۔
ایک تحریری جواب میں،ریاستی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے یہ بھی کہا کہ 5 اگست 2019 کو دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد ”وادی میں کوئی کشمیری پنڈت/ہندو بے گھر نہیں ہوا“۔
تاہم، حال ہی میں کشمیر میں رہنے والے کچھ کشمیری پنڈت خاندان، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں، جموں کے علاقے میں منتقل ہو گئے ہیں۔
وزیر نے کہا، ”یہ خاندان سرکاری ملازمین کے ہیں، جن میں سے اکثر افسران کی نقل و حرکت اور تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے ایک حصے کے طور پر سردیوں میں جموں چلے جاتے ہیں“۔
ایک اور سوال کے جواب میں رائے نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے اس نومبر تک کشمیر میں کل 96 شہری، 81 سیکورٹی فورسز کے اہلکار اور 366 جنگجو مارے گئے۔