نئی دہلی//سی آر پی ایف کے ڈائرکٹر جنرل کلدیپ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ جموں اور کشمیر میں ملی ٹینسی کے واقعات میں "یقینی طور پر" وقفے وقفے سے اضافہ ہوتا ہے لیکن فوری طور پر سیکورٹی فورسز کے ذریعہ قابو پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد اب پتھر بازی کے واقعات میں کمی آئی ہے اور وادی کشمیر میں سرگرم غیر ملکی ملی ٹینٹوں کی تعداد بھی بہت کم ہے۔انکا کہنا تھا کہ دسمبر اور جنوری کے مہینے سیکورٹی فورسز کیلئے "بہت اچھے" رہے اور ان میں کامیابی کی شرح بہت زیادہ رہی ہے لیکن بعض اوقات دہشت گردانہ تشدد میں تیزی دیکھنے میں آتی ہے۔انہوں نے کہا ’’ ملی ٹینسی کے واقعات میں اس طرح اضافہ نہیں ہوا جیسا کہ سوچا جا رہا تھا، حال ہی میں 2-3 واقعات ہوئے ہیں اور ہاں، اگر آپ کو لگتا ہے کہ ان واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، تو ہاں یقیناً اس میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس تیزی پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا ہے‘‘۔ وہ 19 مارچ کو جموں میں منائے جانے والے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 83ویں یوم تاسیس سے قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعات "مکمل طور پر اندرونی دہشت گردوں کے کنٹرول میں نہیں ہیں بلکہ سرحد پار سے بھی ہیں۔سنگھ نے کہا، "جموں اور کشمیر میں کسی کو نشانہ بنانے کی ہدایات غیر ملکی سرزمین سے بھی آتی ہیں، انٹیلی جنس معلومات بھی موجود ہیں۔ لیکن صورتحال (جموں و کشمیر میں) ہاتھ سے باہر نہیں ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں گزشتہ ایک سال میں اس کے ذریعہ کل 175 ملی ٹینٹ مارے گئے، 183 کو گرفتار کیا گیا اور دو نے خودسپردگی کی۔ مارچ 2021 سے اس سال 16 مارچ کے درمیان سی آر پی ایف کے تین اہلکار ہلاک جبکہ 61 زخمی ہوئے۔
شنکر پورہ نوگام میں سنگ بازی
۔15 نوجوان شناخت کے بعدگرفتار
بلال فرقانی
سرینگر//پولیس نے کہا ہے کہ شنکر پورہ نوگام علاقے میں انکاؤنٹر کے دوران پتھر بازی کرنے والوں کی نشاندہی کرکے 15کو حراست میں لیا گیا ے اور ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 16 مارچ کو شنکر پورہ نوگام میں مسلح تصادم آرائی میں 3مطلوب ملی ٹینٹوں کو جاں بحق کیا گیا۔ SOPکے مطابق شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مقام جھڑپ کو کلیئر کیاگیا۔ اس کے مطابق، تصادم کی جگہ کے ارد گرد بینر بھی لگائے گئے ، تاکہ شہریوں کو کسی بھی طرح کے دھماکہ خیز مواد سے محفوظ رکھنے کیلئے روکا جا سکے۔پولیس کے بیان میں مزید کہا گیا کہ تاہم نوجوان لڑکوں پر مشتمل ایک بڑا بے قابو ہجوم شنکر پورہ وانہ بل کے ملحقہ علاقوں سے لاٹھیاں اور پتھر لئے اکٹھا ہوا اور تعینات نفری پر پتھراؤ کیا، جو ان سے کہہ رہی تھی کہ وہ جائے وقوعہ تک نہ جائیں۔جبکہ پولیس وفورسزاہلکار مشتعل ہجوم کو دھماکہ خیز مواد سے بچانے کیلئے انکاؤنٹرکے مقام کے قریب جانے سے منع کرتے رہے،اوربار بارکی اپیلوں کے بعدجب ہجوم منتشرنہیں ہواتواُنھیں منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا گیا۔بیان کے مطابق مقام تصادم کے نزدیک مشتعل ہجوم کی جانب سے بدامنی پیداکرنے کی کوشش کے حوالے سے پولیس تھانہ نوگام میں ایف آئی آرزیرنمبر46/2022 درج کیاگیا اور کچھ ویڈیوز اور ابتدائی تحقیقات سے کچھ نوجوانوں شناخت کی گئی اوران سبھی کوحراست میں لیاگیا ہے۔ مذکورہ کیس میں ان کے ملوث ہونے کی جانچ کی جارہی ہے۔پولیس نے کہا کہ 15شناخت شدہ افرادکوگرفتار کیا گیا ہے۔