دفعہ 370فیصلے پر نظرثانی کی درخواستیں خارج

 عظمیٰ نیوز ڈیسک

نئی دہلی //سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی درخواستوں کو خارج کر دیا ۔چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس سنجیو کھنہ، بی آر گاوائی، سوریا کانت اور اے ایس بوپنا پر مشتمل 5 ججوں کی بنچ نے نظرثانی کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 11 دسمبر 2023 کو سنائے گئے فیصلے میں کوئی واضح غلطی نہیں تھی۔بنچ نے نوٹ کیا”نظرثانی کی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد،فیصلے میں کوئی غلطی نظر نہیں آتی ہے۔ سپریم کورٹ کے رولز 2013 کے آرڈر XLVII رول 1 کے تحت نظرثانی کا کوئی کیس نہیں ہے۔ اس لیے نظرثانی کی درخواستوں کو خارج کر دیا جاتا ہے،” ۔جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے والے صدارتی احکامات کو برقرار رکھتے ہوئے، عدالت نے سالیسٹر جنرل کے اس بیان کے پیش نظر جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے قانون کی آئینی حیثیت پر فیصلہ کرنے سے گریز کیا کہ جموں و کشمیر کی ریاست کو جلد از جلد بحال کیا جائے گا۔ عدالت نے جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد کے لیے 30 ستمبر 2024 کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔عدالت نے لداخ کو جموں و کشمیر سے الگ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کی منظوری دے دی اور کہا کہ پارلیمنٹ کے پاس ریاستی اسمبلی کے خیالات کو لئے بغیر بھی ریاست سے ایک UT کو تراشنے کا اختیار ہے۔