حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں دسہرہ کی تقریب کے دوران، راون، کمبھکرن، اور میگھناتھ کے پتوں کو جلانے کے عمل کے دوران شائقین کی جانب سے اس بار شکایت کی جا رہی ہے کہ ان پتلوں میں پٹاخے نہیں لگائے گئے تھے جس کو ایک غیر متوقع مسئلہ بنا دیا گیاہے۔ ان مجسموں کے اندر پٹاخے نہ پھٹنے کی وجہ سے وہاں موجود شائقین مایوس ہو گئے تھے جنہوں نے اس خرابی کا سارا الزام سناتن دھرم صبا کے صدر پر لگاتے ہوِئے ان پر لاپرواہی کا الزام لگایا کہ انہوں نے انتظامات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ ان الزامات کے جواب میں، راون میکنگ سوسائٹی غازی آباد، جو مجسمے بنانے والی ایک کمپنی ہے جو پونچھ اور مینڈھر میں راون بنانے کی ذمہ دار تھی، نے ایک پریس کانفرنس کی تاکہ صورتحال کو واضح کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 500 پٹاخے مجسموں کے اندر لگائے گئے تھے، جیسا کہ ان کا معمول ہے، لیکن ان کی بہترین کوششوں کے باوجود پٹاخے نہیں پھٹے۔ سوسائٹی نے اپنی طرف سے کسی قسم کی غفلت کی سختی سے تردید کی اور ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ ایس ڈی سبھا کے صدر اس ناکامی کے ذمہ دار تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی سوسائیٹی نے مینڈھر میں راون، کمبھکرن اور میگھناتھ کے پتلے بنائے تھے وہاں سے ان کو کوئی شکایت نہیں ملی۔ مزید برآں انہوں نے نشاندہی کی کہ انھوں نے پچھلے برسوں میں پونچھ میں بھی پٹاخوں سے متعلق کسی مسئلے کے بغیر مجسمے بنائے تھے۔ سوسائٹی نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور پٹاخے کی ناکامی کی وجہ کی تحقیقات کریں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بے بنیاد الزامات کو پھیلانے سے گریز کریں۔