عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم نے روایتی ڈیزائنوں کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو مربوط کرنے کی طرف ایک اہم سنگ میل کے طور پر بدھ کو’ ڈیزائن این وئیوو‘ کے نام سے ایک مقامی طور پر تیار کردہ سافٹ ویئر متعارف کیا جو کشمیر کی مشہور دست کاریوں اور ہینڈلومز کے لئے ڈیجیٹل ڈیزائن کے عمل میں اِنقلابی تبدیلی لانے کے لئے تیار ہے۔ یہ نیا سافٹ ویئر اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی)سرینگر نے نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی (این آئی اِی ایل آئی ٹی)سری نگر کے اِشتراک سے وزارتِ الیکٹرانکس و اِنفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم اِی آئی ٹی وائی)کے زیراہتمام تیار کیا ہے۔ا س موقع پر منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیرمسرت اسلام، ڈائریکٹرآئی آئی سی ٹی زُبیر احمدا اور ڈائریکٹر اِنچارج این آئی اِی ایل آئی ٹی عاشق حسین ڈار نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کشمیر نے ایک بیان میں آئی آئی سی ٹی اور این آئی اِی ایل آئی ٹی کو مُبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے ایک جامع ڈیزائن سافٹ ویئر تیار کیا ہے جوبالخصوص قالین اور ٹیکسٹائل ڈیزائن کی کریشن اور مینجمنٹ کے لئے تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا’’یہ سافٹ ویئر روایتی تعلیم ڈیزائن سسٹم کو سپورٹ کرتا ہے اور جدید ڈیجیٹل ٹولز فراہم کرتا ہے تاکہ اِختراع اور پیداوار میں بہتری لائی جا سکے‘‘۔