دریائے چناب میں ڈوبے تین نوجوانوں کی تلاش دوسرے روز بھی بے نتیجہ

محمد تسکین
بانہال // اتوار کی دوپہر بعد رام بن میں دو اور جموں کے کھوڑ میں ایک نوجوان نہانے کے دوران دریائے چناب میں ڈوب گئے تھے اور ان کیلئے شروع کیا گیا تلاش کاروائیوں کا سلسلہ آج شام تک بغیرکسی کامیابی کے جاری تھا۔ ان واقعات نے متعلقہ علاقوں رنج و الم کا ماحول قائم کیا ہے۔ رام بن میں اتوار کے روز ڈوبے دو کم عمر نوجوانوں کی لاشوں کو دریائے چناب میں تلاش کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر رام بن کی درخواست پر این ڈی آر ایف کی ایک ٹیم نے پیر کی صبح سے تلاش کاروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ بات کرنے پر ایس ایس پی رام بن موہتا شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کل کہ اتوار کی دوپہر بعد رام بن کے میترا علاقے میں نہانے کے دوران دریائے چناب میں ڈوب گئے دو نوجوانوں کی لاشوں کو ڈھونڈنے کا سلسلہ پولیس ، کیو آر ٹی اور مہلوکین کے رشتہ داروں کی طرف پیر کی علی الصبح دوبارہ شروع کیا گیا اور اس دوران دریائے چناب کے گہرے پانی سے لاشوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام کی درخواست پر این ڈی آر ایف کی ایک ٹیم بھی پیر کی صبح ہی رام بن پہنچ گئی تھی اور انہوں نے تلاش کاروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے لیکن پیر کی شام تک تلاش کاروائی جٹی این ڈی آر ایف اور دیگر ٹیموں کو کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی آر ایف کی ٹیم نے جائے حادثہ سے ڈوبے نوجوانوں کی تلاش کیلئے چناب کے گہرے پانی میں غوطہ زنی بھی کی ہے تاہم آج شام تک تلاش کاروائیوں کا یہ سلسلہ بغیر کسی کامیابی کے جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے چناب میں ان بچوں کے بہہ جانے کے فورا بعد ضلع انتظامیہ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں اور بچائو اور تلاش کاروائیوں کا ایک بڑا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے چناب کے بہائو کی طرف آنے والے دھرم کنڈ اور ریاسی وغیرہ کے پولیس تھانوں کو مطلع کیا گیا ہے اور تلاش کاروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا گیا ہے۔رام بن پولیس نے دریائے چناب میں ڈوبے نوجوانوں کی شناخت پندرہ سالہ نتیش کمار ولد کشور لعل اور سولہ سالہ نوجوان پرویندر سنگھ ولد سورم سنگھ ساکنان دیار گلی تحصیل راج گڑھ رام بن کے طور کی تھی۔ادھر ضلع جموں کے کھور علاقے میں پیش آئے ایک ایسے ہی ایک واقع میں ایک نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ دریائے چناب میں نہانے کے دوران تیز بہائو میں ڈوب گیا ہے اور اتوار سے لاش کو برآمد کرنے کیلئے پولیس اور مقامی لوگوں کی طرف سے تلاش کاروائیوں کا شروع کیا گیا سلسلہ پیر کو دوسرے روز بھی بغیر کسی کامیابی کے جاری رہا۔ پولیس نے جموں کی تحصیل  کھور کے ہمیر پور علاقے میں دریائے چناب میں ڈوبے نوجوان کی شناخت وشال سنگھ ولد نریندر سنگھ ساکنہ وارڈ نمبر سات کھور ضلع جموں کے طور کی ہے۔واضح رہے کہ دریائے چناب کا خاصا رہا ہے کہ یہ اپنے اندر سمانے والے افراد کی بہت کم لاشوں کو واپس دیتاہے اور ماضی میں وادی چناب کے کشتواڑ ، ڈوڈہ ، رام بن اور ریاسی کے اضلاع  میں دریائے چناب میں گاڑیوں سمیت گرجانے والے درجنوں مسافروں کی لاشیں کبھی ملی ہی نہیں ہیں جبکہ گرمی کی شدت سے راحت کیلئے دریائے چناب کے یخ پانی میں نہانے کیلئے غوطہ لگانے والے  درجنوں افراد کیلئے چناب کا غوطہ اپنی زندگی کا آخری ثابت ہوا ہے اور کئی مہلوکین کے لواحقین آج بھی اپنے عزیز و اقارب کی لاشیں دریائے چناب کی موجوں سے برآمد ہونے کے منتظر ہیں۔