دریائوں کی سطح آب میں اضافے پر چیمبر کو تشویش

 سرینگر//دریائے جہلم اور فلڈ سپل چینل میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے پر کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند ملی میٹر بارش سے دریائوں کے سطح آب میں اضافہ باعث فکر معاملہ ہے ۔چیمبر کے صدر شیخ عاشق  نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ہمارا نکاسی آب کا نظام بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے دوران بھاری برف باری سے موسم گرما میں دریائوں میں پانی سطح میں اضافہ کاامکان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ2014کے سیلاب کے بعد سیلاب اور آفات سماوی سے بچنے کیلئے جافی حفاظتی اقدامات کا علان کیا گیا تھا جن میں دریائے جہلم کی ڈرجنگ کرکے اس میں پانی کے سمونے کی وسعت میں اضافہ  ،جھیل ولر اور جھیل ڈل میں پانی سمونے کی صلاحیت بڑھانا وغیرہ اقدامات شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے 5برس گزر جانے کے بعد بھی ہمارے دریائوں میں پانی سمونے کی صلاحیت میں اضافہ ہونے کے بجائے کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کی ڈرجنگ مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،جبکہ دیگر طویل اور قلیل مدتی پروگرام و اقدامات بھی زمین پر ناکام ہوچکے ہیں۔ شیخ عاشق نے سرکار کو مشورہ دیا کہ جنگی بنیادوں پر احتیاطی اقدامات اٹھائیں جائے اس سے قبل کہ تاخیر ہوجائے۔