تھنہ منڈی // ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی راجوری نے محکمہ سماجی بہبود درہال کے اشتراک سے گورنمنٹ ڈگری کالج درہال ملکاں میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا جس میں نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی یا (NALSA) کے بارے میں اہم جانکاری فراہم کی گئی۔ اس پروگرام میں این ایس ایس رضاکاروں کے علاوہ کالج کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی جے ایم راجوری سریندر کمار تھاپا نے نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی (NALSA) پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ NALSA کی تشکیل لیگل سروسز اتھارٹیز ایکٹ 1987 کے تحت کی گئی ہے تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کو مفت قانونی خدمات فراہم کی جا سکیں اور تنازعات کے خوش اسلوبی سے حل کیلئے لوک عدالتوں کا انعقاد کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں قانونی خدمات کے پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی ہر ضلع کے ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس میں واقع ہے اور اس کی صدارت متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ جج کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ NALSA قانونی خواندگی اور قانونی بیداری مہم پر بہت زیادہ زور دے رہا ہے۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ شیوانگی کانت لیگل آفیسر آئی سی پی ایس راجوری نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ریاستی قانونی خدمات کے حکام مناسب اور قابل اعتماد این جی اوز کی نشاندہی کر رہے ہیں جن کے ذریعے ملک کے قبائلی، پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں قانونی خواندگی کی مہم چلائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ محمد انور نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کوشش ہے کہ قانونی امداد کی اسکیموں کو عام کیا جائے تاکہ ٹارگٹ گروپ، جن کے لیے لیگل سروسز اتھارٹیز ایکٹ نے مفت قانونی امداد فراہم کی ہے، اس کے بارے میں جان سکیں اور متعلقہ قانونی خدمات کے اہلکاروں سے رجوع کر سکیں۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر سمنیش جسروٹیا نے محکمہ سماجی بہبود درہال اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کالج کے طلباء کو غریب اور پسماندہ عوام کے لیے ہمارے ملک میں دستیاب مفت قانونی خدمات کے بارے میں جاننے کا سنہری موقع فراہم کیا۔ یہ پروگرام کالج کے این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر اطہر عزیز رینہ کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔اس موقع پر تحصیلدار درہال ممتاز اقبال مرزا، پرنسپل پی جی کالج راجوری ڈاکٹر جاوید احمد قاضی، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج منڈی ڈاکٹر محمد اعظم، ڈاکٹر احسن، ڈاکٹر امتیاز، پروفیسر محمود، ایس ایچ او درہال ظفر امین، چیئرمین بی ڈی سی درہال،محمد اسلم، سرپنچ بیت اللہ ملک اور ڈاکٹر ریاض کے علاوہ این ایس ایس کے رضاکاروں اور کالج کے دیگر طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔