عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ضلع راجوری کی تحصیل درہال میں ئمہ مساجد و حفاظ کرام اور دیگر دینی نوجوانوں کی جانب سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تحریک اصلاح ملت کے نام سے ایک تنظیم تشکیل دی گئی۔ اس اصلاحی تحریک کے صدر مولانا ڈاکٹر محمد صدیق قادری کو منتخب کیا گیا۔ ائمہ مساجد و مکاتب کی جانب سے بتایا گیا ہے اس تحریک کا واحد مقصد اپنی اور ملت کی اصلاح کرنا ہے تاکہ سماج اور معاشرے میں پھیلی برائیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ نشہ آور اشیاء کے استعمال اور اس کی خرید و فروخت نے نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کر دیا ہے جس کی روک تھام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نیز شادی بیاہ کے موقعوں پر ڈھول تاشے باجوں کے رواج کا جڑ سے خاتمہ، فروغ علم دبین، قرانی تعلیمات کا عام و کرنا اور لوگوں کے ہر دکھ درد میں شامل ہونا، اس تحریک کے بڑے اغراض و مقاصد میں شامل ہیں۔ اس موقع پر جن علماء کرام کو ذمہ داری سونپی گئی ان میں مولانا حافظ محمد رفیق سیکریٹری، مولانا حافظ محمد یونس ترجمان، حافظ محمد راشد خزانچی اور حافظ وسیم آرگنائزر شامل ہیں۔