سرینگر //بی جے پی کی نیشنل ایگزیکٹیو ممبر اور پارٹی کی سینئر لیڈر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے آٹھ سالہ عوامی فلاحی اقدامات کو اُجاگر کرنے اور ان کا جائزہ لینے کے سلسلے میں داور گریز کے کئی علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر اندرابی نے وہاں بہت سے اجتماعات سے خطاب کیا اور لوگوں کو ملک بھر میں بالعموم اور خاص طور پر جموں و کشمیر کے لوگوں کیلئے نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی اسکیموں، پروگراموں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک میں غریبوں اور پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کووڈ کے وقت مفت راشن، مفت ویکسینیشن اور گولڈن کارڈ دے کر لوگوں کو مشکل وقت سے نکالا اور اس طرح ہندوستان دنیا کا واحد ملک بن گیا جس نے عوامی فلاح و بہبود کے اس طرح کے بڑے اقدامات کو انجام دیا۔انہوں نے کہا ’’ مودی حکومت میں لوگوں کیلئے فلاحی اسکیمیں شروع کی گئیں جس کا فائدہ لوگوں کو ملا ۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں اور ملک بھر میں قبائلی آبادی کیلئے مودی حکومت کے اقدامات کے بارے میں بات کی۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے گریز کے لوگوں کی حب الوطنی اور ان کی امن پسند فطرت کو سراہا۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت گریز کے لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے ہر وہ قدم اٹھائے گی جو ہمارے سرحدی محافظوں کے ساتھ ہم آہنگی میں سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمیشہ ٹھوس چٹان کی طرح کھڑے رہے ہیں۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے لوگ حکومت کی متعدد اسکیموں اور پروگراموں سے مستفید ہو رہے ہیں اور مودی حکومت آٹھ برسوں کے دوران ان علاقوں میں بہت زیادہ معاشی ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی کے ساتھ حلقہ کے نائب صدر بی جے پی غلام محمد خان، بلاک صدر گریز محمد اقبال لون، نائب صدر محمد رفیق لون، سرپنچ احمد اللہ خان، پنچ افضل خان اور دیگر پارٹی کارکنان موجود تھے۔