درج فہرست اسامیاں، سلکشن لسٹ کہاں ؟، بارہمولہ میں احتجاج

بارہمولہ //  ضلع بارہمولہ میں درجہ چہارم اسامیوں کی لسٹ 13  برس گذر نے کے باوجود مشتہر نہ ہونے کے خلاف اُمید واروں نے منگل کو کریاپا پارک بارہمولہ میں جمع ہوکر احتجاج کیا ۔احتجاجی امیدواروں نے الزام لگا یاہے کہ اُن کی فہرست کو منظر عام پر لانے میں جان بوچھ کر تاخیر کیا جارہا ہے ۔ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں بے روز گار نوجوان منگل کو کریاپا پارک بارہمولہ میں جمع ہوئے اور بعد میں ایک احتجاجی ریلی نکال کر ضلع  ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ مظاہرین نے ڈی سی آفس کے اندر جانے کی کوشش کی لیکن وہاں تعینات اہلکاروں نے ڈی آفس کا مین گیٹ نہیں کھولا جس کے بعد مظاہرین نے گیٹ پر ہی دھرنا دیکر ضلع ترقیاتی کمشنر اور ملازمین کو دپہر تک یرغمال بنایا۔ احتجاجی اُمید وار ں نے کہا کہ 2006 میں ضلع بارہمولہ میں درجہ چہارم اسا میوں کیلئے فارم جمع کئے گئے تھے جس کے بعد اُن کاانٹریو بھی لیا گیا لیکن ابھی تک سلکشن لسٹ کو منظرعام پرنہیں  لایا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کی کہ لسٹ کو فوری طورمنظرعام پر لایا جائے ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنرنے موقع پر پہنچ کر احتجاجی امیدواروں کو یقین دلایا کہ آنے والی سوموار کو لسٹ منظر عام پر لایا جائے گا جس کے بعد احتجاجی مظاہرین پرامن طور منتشر ہوئے ۔