درجہ چہارم فیز دوم کی بھرتی فہرست جار ی ہونا باقی دو سال سے منتظرکامیاب امیدواروںکا پونچھ میں احتجاج،فہرست جاری کرنے کی مانگ

حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر راجوری، پونچھ اور دیگر اضلاع کے نوجوانوں کی جانب سے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔احتجاج کے دوران اُن نوجوانوں، جنہوں نے 2020میں درجہ چہارم کے لیے امتحانات دئے تھے اور جس کا نتیجہ 2022 میں نکلا تھا اور انہوں کامیابی حاصل کی،کاکہنا تھا کہ فیز اول کی فہرست جاری کی گئی تھی اور ان کو بتایا گیا تھا کہ فیز دوم کی فہرست جلد جاری کی جائے گی جو ابھی تک جاری نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ کئی بار اعلیٰ حکام سے ملاقی ہوئے اور ان کو فہرست جاری کرنے کی اپیل کی جس کے بعد جے اے ڈی نے ایک نوٹیفکیشن نکالا تھا جس میں تمام محکمہ جات سے جواب طلب کیا گیا تھا کہ ان کے محکموں میںکہا ںکہاں کتنی کتنی درجہ چہارم کی خالی اسامیاں پڑی ہوئی ہیں،تمام محکمہ جات کی جانب سے خالی اسامیوں کی اطلاع دی گئی تھی اور کچھ محکموں کے لیے اب فہرستیں بھی جاری کی جا رہی ہیں تاہم فیزدوم کی فہرست سامنے نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے لیفٹنٹ گورنر سے اپیل کی کہ ان نوجوانوں کو بے روزگاری سے نجات دلانے کے لئے متعلقہ حکام کو فہرست جلد سے جلد جاری کرنے کی ہدایت کی جائے۔نوجوانوں کا کہنا تھا کہ بے روزگاری کی وجہ سے وہ کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہیں، اسی لیے انہوں نے بڑی بڑی ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود درجہ چہارم کے لیے امتحانات میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وہ چیف سیکرٹری سےبھی اپیل کرتے ہیں کہ ان کے مشکلات کو سمجھتے ہوئے فیز دوم کی فہرست جلدی سے جلدی جاری کی جائے۔