درجہ حرارت میں تنزلی برقرار ،وادی میں شبانہ سردی کا کمال

 سرینگر //جموں کشمیر اور لداخ میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے اور شبانہ درجہ حرارت منفی 3.8 ریکارڈ ہو کر سرینگر میں رواں موسم میں دوسری بار سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ۔ اس سے قبل 15دسمبر کو منفی 3.9درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں شبانہ سردی کی شدت برقرار رہنے کیساتھ ساتھ منفی درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آئے گی جبکہ 23 دسمبر سے 25 دسمبر تک درمیانی درجے کی بھاری برف باری کا امکان ہے۔وادی بھر میں صبح و شام اور دوران شب یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں اور اہل وادی شبانہ سردی سے ٹھٹھررہے ہیں۔سیاحتی مقام گلمرگ میںجمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی8.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔گلمرگ وادی کا سرد ترین مقام رہا۔ پہلگام میںجمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.9 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔ کپوارہ میں منفی 4.4،قاضی گنڈمیں منفی3.2اورکوکرناگ میں منفی3.5ڈگری درج کیاگیا۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14.2ڈگری ،کرگل میں منفی11. اور دراس میں منفی 17.9ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا  ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے جمعہ کوپھریہ بات دہرائی کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں 23 سے 25 دسمبر تک بڑے پیمانے پر’’معمولی سے بھاری‘‘ برف باری کاقوی امکان ہے ۔