عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//موسمیاتی مرکز سرینگر نے پیر سے جموں و کشمیر میں بارش اور برف باری کے ساتھ تین دن کے لئے خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ20 اور 21 جنوری کے دوران الگ تھلگ مقامات پر ہلکی برفباری کا امکان ہے جبکہ جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور 22 جنوری کو جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور جموں اور کشمیرکے کئی مقامات پر برف باری کا امکان ہے۔وادی چناب اور پیر پنجال رینج کی بلندی پر بھی ہلکی سے درمیانی برف باری ہو سکتی ہے۔جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش اور جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر 23 جنوری کو برف باری متوقع ہے۔ادھر وادی کشمیر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔سرینگر میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کے دوران کم سے کم منفی 1.0 ریکارڈ کیا گیا۔گلمرگ میں منفی8.2 ،پہلگام میں منفی 3 ،کپواڑہ میںمنفی 2.6 تک گر گیا ، کوکرناگ میںمنفی 3.4 تک گرا اورقاضی گنڈ میںمنفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔