داچھی گام کے جنگل میں بھیانک آگ

سری نگر// سری نگر کے مضافات میں داچھی گام کے جنگل میں لگی بھیانک آگ کو پیر کی صبح قریب دس گھنٹوں کے بعد قابو میں لایا گیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزمحکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ داچھی گام کے جنگل میں اتوار کی شب کو لگی بھیانک آگ کو شہر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے آگ بجھانے والے عملے اور مشینری نے قریب دس گھنٹوں کی محنت شاقہ کے بعد پیر کی صبح قابو میں لایا۔انہوں نے  بتایا کہ محکمہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ سری نگر سے قریب بائیس کلو میٹر دور مشہور کشمیری جنگلی جانور'ہانگل' اور دیگر جنگلی جانوروں کی آماجگاہ داچھی گام کے جنگل میں آگ نمودار ہوئی تو محکمہ جنگلات کی نفری کو آگ پر قابو پانے میں مدد دینے کے لئے فوراً عملے اور مشینری کو روانہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ آگ جہاں لگی تھی وہاں پہنچنا عملے کے لئے ناممکن تھا تاہم عملے کی سر توڑ محنت رنگ لائی اورآگ پر قابو پالیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوئے ہیں۔