مظفر آباد// حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے گائوکدل اور ہندواڑہ سانحات کے مہلوکین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی یادیں آج بھی تازہ ہیں اور وہ دن ضرور آئے گا جب ان نہتے شہریوں کا مقدس خون رنگ لائے گا۔ ترجمان متحدہ جہاد کونسل سید صداقت حسین کے مطابق صلاح الدین جہاد کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ صلاح الدین نے اس موقع پرجیلوں میں محبوسین کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محبوسین بالعموم اور تہاڑ جیل میں بالخصوص مظفر احمد ڈار، پیر سیف اللہ، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی سخت علیل ہیں لیکن انہیں علاج و معالجہ کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان محبوس قائدین کی زندگیوں کو جان بوجھ کر خطرات میں ڈالا جا رہا ہے، جو انتہائی خطرناک ہے اور اس کے نتائج بہت ہی خطرناک ثابت ہونگے۔ صلاح الدین نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ محبوسین کی حالت زار کی طرف توجہ دیں اور بھارت کو مجبور کریں کہ وہ محبوسین کے انسانی حقوق کا خیال رکھے۔ اجلاس میں گائو کدل، ہندوارہ کے مہلوکین اور بڈگام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیااور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اُن کے خون کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔