خورشید گنائی کی پیٹرولیم کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات

سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ایک میٹنگ کے دوران وادی میں پیٹرولیم اشیاء کی سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر خوراک ، سول سپلائیز اور امور صارفین کے علاوہ مختلف پیٹرولیم کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ ڈائریکٹر موصوف نے مشیر کو جانکاری دی کہ پیٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی سے بھرے 170 ٹینکروں نے پنتھال کراس کیا ہے اور ان میں سے 55 ٹینکر سرینگر پہنچنے والے ہیں ۔ پیٹرولیم کمپنیوں کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ اُن کی گاڑیوں کو شاہراہ پر بلا کسی رکاوٹ کے چلنے دیا جانا چاہیے تا کہ مانگ پوری کی جا سکے ۔ مشیر نے اس موقعہ پر کہا کہ چیف سیکرٹری کو جانکاری دی گئی ہے تا کہ وہ یہ معاملہ پیٹرولیم اور قدرتی گیس و شاہراہوں اور ٹرانسپورٹ کی مرکزی وزارت کے ساتھ اٹھائیں تا کہ پیٹرولیم اشیاء کی بلا کسی رکاوٹ کے منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس معاملے کو جلد از جلد حل کیا جائے گا ۔