محمد بشارت
کوٹرنکہ // بلاک خواص کی پنچایت حلقہ بیلا میں محکمہ بجلی کی جانب سے نصب کردہ ٹرانسفارمر گزشتہ کئی روز سے خراب پڑا ہو ا ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں بجلی کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے۔پنچایت بیلا کی وارڈ نمبر چھ کے مکینوں نے محکمہ کیخلاف غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 10دنوں سے بجلی کی مشینری میں کوئی تکنیکی خراب آئی ہوئی ہے لیکن محکمہ کو اطلاع فراہم کرنے کے دس دن بعد بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے زمینی سطح پر صورتحا ل مزید ابتر ہوتی جارہی ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ بجلی بغیر میٹر ریڈنگ کے لوگوں کو بل ارسال کردیتا ہے لیکن دیہات میں آئی ہوئی خرابیوں کو کئی دنوں تک ٹھیک ہی نہیں کیا جاتا ۔صارفین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ صارفین کو شدید گرمی کے دوران بجلی جیسی بنیادی سہولیات دستیاب ہو سکے ۔