محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن میں محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے کوٹرنکہ خواص سڑک پر کشادگی کا کام شدو مد سے جاری تاہم تعمیراتی عمل کے دوران بڈھال پلی کے مقام پر ایک رہائشی مکان زمین بوس ہوگیا جبکہ اس دوران سڑک پر تعمیر پرانے پل کی دیواروں میں دراڑیں پڑنے کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی آمد ورفت کا عمل بھی متاثر ہو گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ بڈھال پلی کے مقام پر ایک بیس میٹر لمبے پل کی تعمیر کا کام شروع ہے جس کے دوران محمد رفیق نامی ایک مقامی شخص کا رہائشی مکان زمین بوس ہو گیا تاہم اس دوران پرانے پل کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت کا عمل متاثر ہو گیا ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سال1971 میں کوٹرنکہ خواص سڑک کا کام شروع ہوا تھا لیکن بد قسمتی سے پانچ دہائیوں میں 30 کلو میٹر سڑک مکمل نہ ہو سکی اور آج بھی اس سڑک پر کام چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کے کنارے بنائی جا رہی نالیوں کا کام بھی بند کروایا گیاہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ غریب شخص کے نقصان کا جائزہ لے کر معاوضہ دینے کیساتھ ساتھ سڑک کی تعمیر کا عمل جلد ازجلد مکمل کروایا جائے ۔