سرینگر//با بائے صحافت اور اردو روزنامہ آفتاب کے بانی مرحوم خواجہ ثنا اللہ بٹ کی11ویں برسی کے موقعے پر سیاسی ،سماجی ،صحافتی اور ادبی تنظیموں نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔جموں و کشمیر کے معروف ولولہ انگیز اور انقلابی صحافی جنہیں کشمیر میں با بائے صحافت خواجہ ثنا اللہ بٹ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا کی11ویں برسی پرادبی تنظیموں اورصحافت سے وابستہ افراد نے مرحوم کو یاد کر کے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ خواجہ ثناء اللہ بٹ کشمیر کی صحافت کے وہ درخشان ستارہ تھے جس نے اس وقت کشمیر میں صحافت کی داغ بیل ڈالی لوگ اخبار بینی سے ناواقف تھے ۔انہوں نے اپنے50سالہ صحافت میں نہ صرف کشمیر کے لوگوں کے جذبات و احساسات کی ترجمانی کاحق ادا کیا بلکہ یہاں کی سماجی، سیاسی حالت کو تبدیل کرنے کیلئے بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ ورکنگ جرنلسٹ پلوامہ کے صدر شاہ ارشاد نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا کہ مرحوم اپنے قلم سے کشمیری قوم کی بے لوث خدمت کی جس کے لئے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ یمبر زل یو تھ کلب کے صدرخورشید میر نے خواجہ ثنا اللہ بٹ کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہاکہ مرحوم نے ساری زند گی شعبہ صحافت میں گذاری مرحوم کو مرتے دم تک یاد رکھا جائے گا۔سیرت کشمیر کے چیف ایڈیٹر بشیر احمد وانی نے مرحوم کو صحافت کا ستارہ قرار دیتے ہوئے مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی۔ڈسڑکٹ کلچرل سو سائٹی پلوامہ، نو ادبی کاروان پلوامہ ، مراز ادبی سنگم سمیت تمام صحافتی حلقوں نے انہیں یاد کر کے شاندارخراج عقیدت پیش کیا۔