ارشاد احمد
سرینگر//خمینی چوک بمنہ کی اندرونی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مکینوں نے سڑکوں اور اندرونی گلیوں کی خراب حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہے کہ خمینی چوک بمنہ میں متعدد اندرونی رابطہ سڑکیں کو کھود کر ڈرینج سسٹم کی تعمیر شروع کردی گئی تھی تاہم مہینوں گزرنے کے باوجود بھی ان کو مکمل نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو گوناگوں مشکلات درپیش ہیں۔خصوصاً ان گلیوں اور اندرونی رابطہ سڑکوں سے گزرتے ہوئے بچے اور بزرگ شہری زخمی ہوجاتے ہیں کیونکہ بارشوں ہونے کی وجہ سے ان گلیوں میں کیچڑ سے اکثر بیشتر مکین پھسل جاتے ہیں۔ صفوی آباد کے مقامی شہری برہان رضوی نے بتایا کہ چند روز سے جاری بارشوں کے سبب بزرگوں اور اسکول جانے والے بچوں کو صبح و شام سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔موجودہ حکومت نے جولائی کے آخر تک سرینگر کی تمام سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے۔ ایسے میں مقامی آبادی نے محکمہ تعمیرات عامہ اور سرینگر میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے کو مدظر رکھتے ہوئے اندرونی اور ذیلی سڑکوں کی فوری طور پر تعمیر و تجدید اور میکڈم بچھانے کا کام مکمل کرے۔