کپوارہ/اشرف چراغ/ شمالی ضلع کپوارہ میں لوگو ں نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگر بجلی کی فراہمی میں معقولیت نہیں لائی گئی تو وہ احتجاجی مہم چھیڑ دیں گے۔جمعرات کو نوا بازار خمریال میں لوگو ں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی جن میں مردو زن شامل تھیں اور محکمہ بجلی کے خلاف زور دار احتجاج کیا۔احتجاج میںشامل لوگو ں کا کہنا تھا کہ خمریال اور اس کے مضافات میں گزشتہ ایک مہینے سے بجلی کا سنگین بحران ہے اوربجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔احتجاج کے دوران کپوارہ، سوگام اور کپوارہ کلاروس علاقوں کے لئے گا ڑیو ں کی آمد ورفت میں خلل پڑ گیا۔لوگو ں نے بتایا کہ وہ باقاعدگی سے ہر ماہ بجلی فیس ادا کرتے ہیں لیکن اس کے بدلے لوگو ں کو بہتر بجلی سپلائی سے محروم رکھا جاتاہے۔مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ دن کے دوران اگرچہ بجلی کی عدم دستیابی سے وہ پریشان نہیں ہوتے تاہم شام ہوتے ہی جب بجلی چلی جاتی ہے تو پورا علاقہ گھپ اندھیرے میںڈوب جاتا ہے۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ سردیو ں کے ان ایام میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لوگو ں نے مطالبہ کیا کہ بجلی سپلائی میں فوری طور بہتری لائی جائے اور اگر نہیں تو وہ وہ زور دار احتجاجی مہم چھیڑنے پرمجبورہوجائیں گے۔