محمد تسکین+اشتیاق ملک+عاصف بٹ
بانہال+ڈوڈہ+کشتواڑ// خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں مسلسل دوسرے روز وقفے وقفے سے بارشوںکا سلسلہ جاری رہا جبکہ سرشام تیز آندھی اورژالہ باری بھی ہوئی جس کے نتیجہ میں میوہ باغات اور سبزیوںو کھڑی فصلوںکو شدید نقصان پہنچا ۔تاہم اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ آمدورفت کیلئے بحال رہی ۔
بانہال
رام بن بانہال سیکٹر میں جمعرات کی صبح سے دوپہر بعد تک بونداباندی کے کئی ادوار ہوئے تاہم دوپہر بعد دھوپ نکل آئی تاہم شام ہوتے ہوتے مطلع پھر ابر الودہوگیا اور بارشوں اور گرج چمک کا سلسلہ پھر شروع ہوا۔بانہال کے مہو منگت علاقے میں جمعرات کی شام آسمان پر کالے بادل چھاگئے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں اورژالہ باری بھی ہوئی ہے۔مقامی سماجی کارکن شوکت ارشاد نے بتایا کہ مہو منگت علاقے میں جمعرات کی شام زبردست ژالہ باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے میوہ دار درختوں اور سبزیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔انہوں نے کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں آباد زمیندار پہلے ہی دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں اور اب ژالہ باری اور بارشوں سے مزید نقصانات کا احتمال ہے۔ادھربٹوت میں جمعرات کی صبح ہوئی زوردار بارشوں کا پانی کئی گھروں میں گھس آیا اور کئی دیواریں گر گئیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پانی حال ہی میں تعمیر کی گئی ایک رابطہ سڑک کی وجہ سے بستی کی طرف آیا ہے کیونکہ سڑک پانی کی نکاسی کیلئے نالیوں کے بغیر ہے جس سے لوگوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس دوران بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری تھی اور ٹریفک چل رہا تھا۔گوکہ مہاڑ سمیت کئی مقامات پر سڑک پر ہلکے پتھر بھی گرے تاہم شاہراہ پر جاری ٹریفک اس سے متاثر ہوئے بغیر چلتا رہا۔شاہراہ پر واقع پنتھیال کی پسی کو بائی پاس کرنے کے بعد اس علاقے میں گھنٹوں کے حساب سے شاہراہ کے بند رہنے کا عمل اب ختم ہوا ہے اور پنتھیال سیکٹر میں عام طور پر ٹریفک بند رہنے کا سلسلہ اب مکمل طور سے تھم گیا ہے۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ جمعرات کے روز بارشوں کے باوجود ٹریفک کی نقل و حرکت جاری رہی اور ٹریفک پولیس کی طرف سے نگروٹہ ، ادھم پور اور قاضی گنڈ کے مقامات کو وقت مقررہ کے اندر پار کرنے والی مسافر بردار گاڑیوں نے دونوں طرف سے سفر کیا جبکہ دوپہر بعد قریب ایک بجے سے ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو قاضی گنڈ اور بانہال ٹرک یارڈ سے جموں کی طرف آنے کی اجازت دی گئی۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ ضلع میں بھی دوسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی تاہم سہ پہر کو موسم صاف ہوا۔اطلاعات کے مطابق منگل کی شام شروع ہوئی بارشوں،ژالہ باری تیز آندھی کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے کئی مقامات پر عارضی پل بہہ گئے ہیں۔اس دوران پانی و بجلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ رابطہ سڑکیں خستہ حال ہوئیں ہیں اور زرعی شعبہ بھی متاثر ہوا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بلاک جکیاس، چلی ،بھلیسہ ،چنگا ،چرالہ ،کاہرہ ،فیگسو کے پنچائتی اراکین نے کہا کہ رواں برس موسم آئی غیر معمولی تبدیلی سے زرعی شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ رابطہ سڑکیں، پگڈنڈی راستے بھی تباہ ہوئے ہیں اور کئی تعمیرات کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مقامی و ضلع انتظامیہ سے کسانوں کو راحت پہنچانے و خستہ سڑکوں و پکڈنڈی راستوں کی مرمت کے لئے فنڈس دستیاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ مسلسل دوسرے روز وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ ضلع کے بالائی علاقوں میں دوپہر تک جم کر بارشیں ہوئیں جس کے بعد مطلع صاف ہوگیا تاہم شام ہوتے ہوتے موسم پھر خراب ہوگیا اور شدید آندھی چلی اور تیز ہوائوںکے بعد کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی جس کے فصلوں ومیوہ جات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔