اشتیاق ملک
عاصف بٹ+اشتیاق ملک
کشتواڑ+ڈوڈہ+رام بن//خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں بارشوں سے عام زندگی متاثر ہوگئی جبکہ گلی کوچے اور سڑکیں زیر آب آگئیں اور زرعی شعبہ کو نقصان پہنچا۔اس دوران کشتواڑ سنتھن قومی شاہراہ مسلسل دوسرے روز ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند رہی۔
کشتواڑ
بدھ کی صبح شروع ہوئی بارشوں کا سلسلہ د ن بھر جاری رہا جسکے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی۔بارشوں کے سبب درجہ حرارت میں بھی کمی درج کی گئی اور لوگوں نے دوبارہ گرم ملبوسات کااستعمال کیا۔ مڑواہ ،دچھن، واڑون ، پاڈر، مچیل، کیشوان ، چنگام ، چھاترو ، بونجواہ ، کنتواڑہ میں جم کر بارشیں ہوئیں جس سے ان علاقہ جات میں عام زندگی مفلوج ہوئی۔ میدانی علاقہ جات میں بھی جم کربارشیں ہوئی جسکے سبب متعدد مقامات پر سڑکیں و گلی کوچے زیرآب آگئے اور راہگیروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹی آر سی و بلاک دفتر کے باہر سڑک نے تالاب کی شکل اختیار کی تھی جبکہ گلی کوچوں میں بھی پانی جمع ہوگیاتھا ۔اس دوران مسلسل دوسرے روز بھی کشتواڑ سنتھن قومی شاہراہ پر آمدورفت بند رہی ۔ایس ڈی ایم چھاترو نے بتایاکہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی طور سڑک کو بند رکھاگیااور موسم بہتر ہونے کے بعد ہی سڑک پر آمدرفت بحال ہوگی۔
ڈوڈہ
بدھ کی درمیانی شب ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ میں شدید بارش شروع ہوئی جو دن کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہی۔متواتر بارشوں سے جہاں زیر تعمیر ڈوڈہ ٹھاٹھری شاہراہ زیر آب آئی وہیں اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر بھی نکاسی نظام نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی جمع ہواتاہم ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا۔اس دوران ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں سے لوگوں نے بتایا کہ پانی کی سکیمیں بھی متاثر ہوئیں ہیں۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کسانوں و زمینداروں نے کہا کہ اس سال پہلے ہی مسلسل بارشوں سے زمینداری میں خلل پیدا ہوا وہیں پھلوں، سبزیوں و دیگر زرعی شعبے کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔
رام بن
رام بن ضلع کے بانہال اور گول سب ڈویژنوں میں بھی بارشیں ہوئی جس سے زندگی کا نظام متاثر ہوا ۔قومی شاہراہ کے آس پاس والے علاقوں میں جم کر بارشیںہوئیں جبکہ گول ،راج گڑھ،رام سو ،بانہال اور دیگر علاقوں میں بارشو ں سے سردی کی لہر اٹھ گئی اور لوگوںکو گرم ملبوسات کا استعمال کرنا پڑا۔