حسین محتشم+عظمیٰ یاسمین
پونچھ+راجوری//حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد میںپورےجموںوکشمیر کے ساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال کے جڑواں اضلاع پونچھ اور راجوری میں بھی عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
پونچھ
دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام کے علاوہ،تحصیل منڈی تحصیل سرن کوٹ تحصیل مینڈھر سمیت تمام چھوٹے بڑے شہر اور دیہات کی مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے سینکڑوں اجتماعات ہوئے جن میں علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ضلع پونچھ کے صدر مقام پر نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ پونچھ میں ہوا جہاں ہزاروں افراد نے عید کی نماز ادا کی۔ نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات میں فلسطین مسلمانوں سے یکجہتی، امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی اور ملک کی ترقی کیلئے رب کے حضور خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں نمازیوں اور شہریوں کی حفاظت کیلئے پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد تمام مسلمان سنت ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دی اور یہ سلسلہ عید کے تیسرے روز تک جاری رہا۔مرکزی عید گاہ پونچھ میں ہر سال کی طرح اس بار بھی ہندو ،سکھ اور عیسائی مذاہب کی شخصیات پہنچی اور مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کی۔
راجوری
راجوری میں بھی سوموار کے روز عیدالالضحیٰ کی تقریب سعید انتہائی مذہبی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔اس سلسلے میں ضلع راجور ی کے طول وعرض کی تمام مساجد اور عیدگاہوں میں عیدین کی دوگانہ نماز کے روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جہاں صبح سے ہی چہل پہل نظر آئی۔ عیدالالضحیٰ کے ان روح پرور اجتماعات میں پوری دنیا بالخصوص ملک ہندوستان اور یو ٹی جموں و کشمیر میں مکمل امن وامان کی بحالی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی تھنہ منڈی کے بعض دیہی و دور دراز علاقوں میں بھی نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے عید کی نماز ادا کی اور سر بسجود ہو کر بارگاہ الہٰی میں پوری انسانیت کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں اور ایک دوسرے کےساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں۔تھنہ منڈی میں نماز عید کے سب سے بڑے اجتماعات جامع مسجد شاہدرہ شریف، مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی اور حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی میں منعقد ہوئے جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی۔اس کے علاوہ جامع مسجد ہسپلوٹ، کھنیال کوٹ، درہ ، نڑہوتی، ڈھوک، منگوٹہ، ڈنہ، چھڑونگ ، بھیروٹ، پلانگڑھ ، ساج ، فتح پور، راجدھانی، شاہدرہ، بھنگائی، منیال، عظمت آباد ، اور الال وغیرہ میں بھی بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے عید کی نماز ادا کی۔ ان روح پرور اجتماعات میں خطباء و علمائے کرام نے عید الالضحٰی کی اہمیت، فضیلت اور فضائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔