خطہ پیر پنچال میں سوچھ بھارت مشن کے تحت صفائی مہم

تھنہ منڈی //محکمہ شہری ترقی کی طرف سے تھنہ منڈی میں سوچھ بھارت مشن کے تحت صفائی مہم چلائی گئی ۔ جمعرات کو ضلع منیجر اربن ڈیولپمنٹ ایجنسی راجوری مونیکا وید کی سربراہی میں مرکزی سرکار کی طرف سے چلائی  جارہی سوچھ بھارت مشن مہم چلائی گئی۔ان کے ہمراہ کمیونٹی آرگنائزر گلشن چوہدری ، تھنہ منڈی کے مختلف وارڈوں سے تعلق رکھنے والی خواتین و دیگر لوگ بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر مونیکا وید نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے صفائی ستھرائی کے نام پر مہم شروع کی گئی جو دواکتوبر تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ مرکزکی طرف سے شہر و گام میں صفائی کا پروگرام چلایاجارہاہے جس کیلئے کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر گھر میں بیت الخلاء تعمیر کیاجائے اور گندگی پھیلانے سے اجتناب کیاجائے ۔ انہوں نے خواتین پر زور دیاکہ وہ مرکزی معاونت والی سکیموں سے مستفید ہوں اور اپنے لئے روزگار کے مواقعوں کافائدہ اٹھائیں ۔
 
راجوری //تاریخی اہمیت کی حامل جگہوں کو صاف ستھرارکھنے کی غرض سے کالاکوٹ کے تتہ پانی علاقے میں صفائی مہم چلائی گئی جس میں محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے چل رہی امید سکیم کے سیلف ہیلپ گروپوں نے حصہ لیا ۔ اسی طرح کے صفائی ستھرائی کے پروگرام دیگر علاقوں میں بھی منعقد کئے گئے ۔اس دوران لوگوں نے رضا کارانہ طور پر کئی علاقوں کی صفائی کی ۔واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے ملک بھر کی طرح ریاست میں بھی سوچھتا ہی سیوانام سے مہم  شروع کی گئی ہے جو دو اکتوبر تک جاری رہے گی ۔ اس مہم کے تحت جہا ں جگہ جگہ صفائی کی جاتی ہے وہیں بیداری ریلیاں بھی نکالی جاتی ہیں ۔
 
 منجاکوٹ//منجاکوٹ کے نجی تعلیمی ادارے انٹرنیشنل سکول میں سکول کے طلباء کی طرف سے صفائی مہم چلائی گئی جس میں اساتذہ بھی شریک ہوئے ۔ اس دوران بچوں نے سکول کے احاطے میں صفائی کی اور صفائی ستھرائی کے پیغام کو عام کیا ۔ سکولی اساتذہ نے طلباء کو بتایاکہ صفائی ستھرائی رکھنے سے انسان   کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ صحت مندرہتاہے اور بیماریوں سے بچ جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر ایک مذہب نے صفائی کی اہمیت بیان کی ہے اور دین اسلام میں صفائی کو نصف ایمان کہاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ انسان کی یہ فطرت ہوتی ہے کہ وہ صاف ستھرارہتاہے ۔
 
رمیش کیسر
نوشہرہ//اے سی ڈی نوشہرہ نے سوچھ بھارت ابھیان کے تحت نوشہرہ بازار کا اچانک معائنہ کیا اور دکانداروں کو صفائی کے بارے میں بیدارکرتے ہوئے انہیں اس بات کی ہدایت جاری کی کہ وہ سامان دکانوں کے اندر رکھیں اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں ۔اے ڈی سی سچن دیو سنگھ کے ہمراہ تحصیلدارو دیگر افسران بھی تھے۔اس دوران اے ڈی سی نے تمام دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے آس پاس کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کاپورا خیال رکھیں اور سامان کو سڑک پر نہ لگائیں اور نہ ہی ناجائز تجاوزات کریں ۔ اس موقعہ پر خراب سبزیوں و دیگر سامان کو ضائع کیاگیا۔