حسین محتشم
پونچھ//پونچھ میں بیساکھی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ سب سے بڑی تقریب سنت پورہ ڈیرا ننگالی صاحب میں منعقد ہوئی جہاں جموں و کشمیر کے سبھی اضلاع اور بیرون ریاست سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدت مندوں نے خصوصی پروگراموں میں حصہ لیا۔تقریب میں مقامی مسلمانوں، ہندوؤں اور عیسائیوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر سکھوں کی جانب سے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ انتظامیہ کی طرف سے محکمہ صحت، میونسپلٹی، بجلی، جل شکتی اور دیگر محکموں کے ملازمین کو عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے تعینات کیا گیا تھا اور سکیورٹی کے بھی غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔تقریب میں مقامی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندئوں اور عیسائیوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سکھ کمیونٹی کو بیساکھی کے موقع پر مبارک باد پیش کی۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پہنچ یاسین چودھری اور ایس ایس پی یوگل منہاس بھی بنفس نفیس وہاں موجود رہے ۔ سکھوں کے مذہبی لیڈروں جن میں سردار نریندر سنگھ صدر ضلع گردوارہ پربندھک کمیٹی پونچھ اور سردار بلبیر سنگھ جنرل سیکرٹری گرو رام داس جی سیوا سوسائٹی پونچھ شامل ہیں،نے گرونانک اور گرو گوبند سنگھ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ گرونانک اور گرو گوبند جی نے ہمیشہ آپسی بھائی چارے کا درس دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ سنت پورہ ننگالی صاحب میں ہر سال کے طرح اس سال بھی میلہ لگایا گیا ہے جس میں تقریباً ملک بھر سے تعلق رکھنے والے سکھوں نےحاضری دی اور سربہ سجود ہوکر اپنے گناہوں کی معافی طلب کی، جبکہ وہ یہاں آ کر بہت خوش ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن پر خصوصی لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔