راجوری//محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشنگوئی کے عین مطابق ہی جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح پہلے ہی دن خطہ پیر پنچال کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میںبارش اور برف باری ہوئی جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور انتظامیہ نے لوگوں کی کسی بھی مشکل وقت میں مدد کرنے کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کئے ہیں ۔حکام نے بتایا کہ جڑواں اضلاع کے بالائی علاقوں میں منگل کی صبح سے ہی برفباری شروع ہوئی اور آخری اطلاعات ملنے تک موسم میں کوئی بہتری نہیں آئی تھی ۔راجوری ضلع کے تھنہ منڈی، درہال ، کوٹرنکہ اور بدھل کے بالائی علاقوں میں برف باری ہو ئی اور ضلع کے پیر پنجال پہاڑی سلسلوں میں اب تک تقریباً ایک فٹ تک برف پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔اسی طرح حکام کے مطابق پونچھ ضلع میں لوران، سوجیاں، سرنکوٹ کے بالائی علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے اور لوران اور سوجیاںکے متعدد مقامات پر بستیا ں بھی برفباری کا شکار ہو ئی ہیں ۔پیر پنچال میں پیر کے روز پورے دن میدانی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ رہنے کے بعد پیر اور منگل کی درمیان شب میدانی علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کی وجہ سے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا وہی مقامی افراد کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔ بالائی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے پورے جموں کشمیر کی طرح خطہ پیر پنچال کے دونوں اضلاع راجوری اور پونچھ کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔اس دوران خطہ کے بالائی علاقوں میں گذشتہ شب سے بھاری سے درمیانہ درجہ کی برفباری جبکہ میدانی علاقوں، بشمول راجوری ، تھنہ منڈی، منجاکوٹ، نوشہرہ،کالاکوٹ ، مینڈھر، سرنکوٹ ، بفلیاز، پونچھ، منڈی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بادل برسنے کا سلسلہ بدھ تک جاری رہنا متوقع ہے۔سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ کے بالائی علاقوں میں گذشتہ شام دیر گئے برفباری شروع ہوئی جس سے چاروں طرف برف کی سفید چادر بچھ گئی۔تحصیل منڈی کے لورن ، ساوجیاں، اڑائی،گلی پنڈی، شاہپور ،اسلام آباد،گورسائی، سلواہ،بالاکوٹ، منکوٹ،بفلیاز، ہرنی،بھمبر گلی،جڑاں والی گلی،دیرہ کی گلی،ہاڑی مرھوٹ،سانگلہ، فضل آباد، نابنا، سیڑھی خواجہ، سیڑھی چوہانہ،سنئی، دھندک، میدانہ، کلائی، کھنیتر، جھلاس، منگناڑ ،کرشنا گھاٹی،منگناڑ، بھینچ اور ان علاقوں کے دیگر ملحقہ علاقوں میں برف باری کاا ثر نظر آ رہا ہے۔منگل کے روز ضلع پونچھ اور راجوری میں پورے دن بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری رہا ،اس دوران سرد ہوائوں کا زور رہا جس سے درجہ حرارت میں گرواٹ آئی۔ قصبہ پونچھ میں شدید سردی کی وجہ سے بازاروں میں صارفین کی تعداد معمول سے بہت کم نظر آئی،اکثر دکانداروں کودکانوں کے باہر آگ کے اکیر جلا کر گرمی حاصل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔بارشوں کی وجہ سے دیہی علاقوں میں گزشتہ روز سے ہی بجلی گل ہے جب کہ شہری علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے جس کی وجہ سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جڑواں اضلاع کے تقریباً تمام نشیبی علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ہو رہی ہے اور برف باری اور بارش دونوں نے درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے سردی کی صورتحال میں اضافہ کر دیا ہے۔خراب موسمی حالات کی وجہ سے جڑواں اضلاع میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے اور بازاروں میں لوگوں کی بہت کم موجودگی دیکھی گئی اور خاص طور پر دیہات کے لوگوں کی اکثریت نے گھروں کے اندر رہنے کو ترجیح دی۔کئی سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے ٹریفک بھی متاثر ہوئی ہے۔ حالانکہ آخری اطلاعات تک کوئی مین روڈ بند نہیں ہوئی تھی ۔ڈی ایس پی ٹریفک آفتاب شاہ نے بتایا کہ سوائے کچھ گاؤں کی سطح کی لنک سڑکوں کے جو ابھی بلیک ٹاپ نہیں ہیں، ابھی تک کوئی اور سڑک قریب نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام مرکزی سڑکیں فعال ہیں اور ٹریفک آسانی سے چل رہی ہے۔ اگرچہ سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی تعداد کافی کم ہے کیونکہ لوگ خراب موسمی حالات میں گھر کے اندر رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔دوسری جانب جڑواں اضلاع کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے جس کی بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے کچھ خصوصی کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں جن میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی معلومات یا کسی بھی مددکیلئے رابطہ قائم کریں۔سول انتظامیہ اور پولیس دونوں نے عام لوگوںکیلئے ان کنٹرول رومز کے ہیلپ لائن نمبرز کو مطلع کر دیا ہے۔
تازہ برفباری و بارش | منڈی لورن سڑک پر دو گھنٹے تک ٹریفک بند رہی
عشرت حسین بٹ
منڈی//خطہ پیر پنچال میں شرو ع ہوئی تازہ برفباری و بارش کے دوران پونچھ کی منڈی لورن سڑک پر پھسلن کی وجہ سے سڑک کو ٹریفک آمدو رفت کیلئے دو گھنٹے تک بند رکھا گیا۔ ادھر تحصیل کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں بھی برف باری ہوئی جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔ساوجیاں کے لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ساوجیاں میں برف ہٹانے کیلئے ایک سنوکٹر رکھا جائے تاکہ سڑکوں سے وقتی طور پر برف ہٹانے کا کام کیا جا سکے اور لوگوں کو آنے جانے میں کسی قسم کی پریشانی نہ اٹھانی پڑے۔غور طلب ہے کہ منڈی تحصیل میں رابطہ سڑکیں خستہ حال ہونے کی وجہ سے بارش کے دوران ٹریفک نظام مزید خراب ہو جاتا ہے ۔ایس ایچ او لورن نے کشمیر عظمی کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ برف باری کی وجہ سے منڈی لورن سڑک پر دو گھنٹے تک گاڑیوں کی آمد و رفت بند رکھی گئی تاکہ سڑک پر پھسلن کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا ۔