جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سرینگر میں تاریخی سینٹ لیوک گرجا گھر کے دوبارہ کھولنے کی تقریب کا اِفتتاح جسے مکمل تزئین و آرائش، تحفظ اور عوام کیلئے عبادت کی ادائیگی کے خاطر 30سال بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے بذریعہ ورچیول موڈ اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر کے قدیم ترین چرچ کی کھوئی ہوئی شان بحال ہوگئی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ بحالی کے بعد سرینگر میں سینٹ لیوک چرچ کا دوبار ہ کھلنا ،قربانی، خدمت ، خلوص ، محبت اور ہمدردی کے عیسیٰ مسیح کے پیغام کو اَپنانے کا ایک تاریخی موقع ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سینٹ لیوک چرچ جموں وکشمیر کی جامع ثقافت کی ایک منفرد علامت ہے جسے 1896ء میں شری شنکر آچاریہ پہاڑی کے جنوب مغربی ڈھلوان پر تعمیر کیا گیا ہے۔ منوج سِنہا نے جموںوکشمیر کے شہریوں بالخصوص مسیحی برادری ، تزئین و آرائش اور تحفظ میں شامل تمام کاریگروں کے علاوہ سمارٹ سٹی پروگرام سے وابستہ اَفسران کو مبارک باد دی۔اُنہوں نے کہا کہ سینٹ لیوک چرچ کی بحالی اور تحفظ کا کام ’’ سمارٹ سٹی پروجیکٹ‘‘ کے تحت کیا گیا ہے اورگرد و نواح کے مناظر کی اَپ گریڈیشن میں چرچ تک رَسائی ، روشنی اور اِس سے منسلک اجزأ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔الٹر، لکڑی کے فرش ، نشستوں کی جگہ،وِنڈیو پین، ایکسیس گیٹ اورپورچ کی تعمیر دوبارہ کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہندوستان صدیوں سے متنوع مذاہب اور ثقافتوں کا گھر ہے ۔ لیکن بہت زیادہ تنوع کے باوجود ہم بغیر کسی امتیاز کے اِتحاد میں رہ رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سماجی ہم آہنگی کے جذبے کو اُبھاریں اور بھائی چارے ، اَمن اور بے لوث خدمت کی اَقدار کو مضبوط کریں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ڈاکٹر آرتھر نیو کو یاد کیا اور ان کی زندگی پر روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر آرتھر نے تین دہائیوں تک جموںوکشمیر کے لوگوں کی خدمت کی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس چرچ کو قائم کر نے کے ساتھ بطورِ ڈاکٹر بہت سے جانیں بچائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے آنے والے کرسمس تہوار کے لئے لوگوں کو اَپنی نیک تمنائیں بھی دیں۔اُنہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقعہ پر جب ہم عیسیٰ مسیح کو یاد کرتے ہیں ، تو آئیے ہم بھی سچائی ، عدم تشدد اور عالمگیر بھائی چارے کے راستے پر چلنے کے اَپنے مضبوط عزم کا اعادہ کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے ہرفرد کو خلوص نیک سے اَپنا کردار اَدا کرنا چاہیے۔اِس دِن کی مناسبت سے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ چرچ کی تاریخ او ربحالی پر مبنی دستاویزی فلم بھی دِکھا ئی گئی۔سرینگر کی مسیحی برداری نے کرسمس سے قبل چرچ کی تزئین و آرائش اور دوبارہ کھولنے کے حکومت اِقدام پر خوشی کا اِظہا رکیا ہے۔سینٹ لیوک چرچ ایک منزلہ عمارت ہے جو ایک مصلوب منصوبے پر بنائی گئی ہے۔ چرچ گوتھک طرز تعمیر کی پیروی کرتا ہے۔ پورچ کے ساتھ منسلک ایک گھنٹی ٹاور ہے جس کی اونچائی تین منزلہ ہے جس میں ہر طرف ڈورر گیبلوں کے ساتھ ایک اونچی سی جی آئی چھت نصب ہے۔