عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کی مشہور و معروف زیارت شاہدرہ شریف کو تھنہ منڈی اور راجوری سے ملانے والی روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے کشمیر عظمیٰ نے اس سلسلے میں عوام کی آواز کو ضلع انتظامیہ کے گوش گزار کیا تھا جس کی شنوائی بھی ہوئی تھی البتہ خراب موسمی صورت حال کے پیش نظر اس کام میں تاخیر ہوئی لیکن موسم صاف ہوتے ہی محکمہ پی ڈبلیو ڈی آر اینڈ بی کی جانب سے تھنہ منڈی کے شاہدرہ موڑ سے قصبہ تھنہ منڈی کی جانب بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس سے یہاں کے عوام اور گاڑی چالکوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔تھنہ منڈی اور شاہدرہ شریف کی عوام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بلیک ٹاپنگ نہ ہونے سے یہ سڑک خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے۔ اس روڈ پر کئی ایک جگہوں پر کھڑے پڑے ہوئے ہیں جن میں پانی جمع ہو جاتا ہے جو عام مسافروں اور راہگیروں کے لیے پریشانیوں کا باعث بنا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں مذکورہ سڑک سے گزرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک پر ضروری مرمت اور بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا گیا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے جس کے لیے وہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی آر اینڈ بی اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔