خبریں

شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے

ممبر اسمبلی گاندربل کی پی ڈی ڈی کے ساتھ میٹنگ

ارشاد احمد
گاندربل//ضلع گاندربل میں بجلی کی عدم فراہمی کی ابتر صورتحال پر ممبر اسمبلی گاندربل شیخ اشفاق جبار نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام سے میٹنگ کی جس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ صارفین کوشیڈول کے مطابق بجلی سپلائی فراہم کی جائے ۔میٹنگ میں محکمہ بجلی کے ایگزیکٹیو انجینئر،اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئراور دیگر عملہ بھی موجودتھا۔ ممبر اسمبلی گاندربل نے کہا ”اگر بجلی کی ابتر صورتحال پر فوری طور پر قابو نہیں پایا گیا تو ہمارے پاس سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے کے سوا اورکوئی چارہ نہیں ہوگا“۔میٹنگ کے بعد ضلع میں زیر تعمیر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیکر ان میں سرعت لانے پر زور دیا گیا ۔ 
 

عید میلادالنبی

شاہمدان ؒدار العلوم کی جانب سے جلوس کاپروگرام 

ترال//سید اعجاز//شاہمدانؒ دارالعلوم کی جانب جمعہ کو میلاد نبی کے سلسلے میں ایک جلوس بر آمد کرنے کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ ترال میںقائم شاہمدانؒ ٹرسٹ کے زیر اہتمام چل رہے شاہمدانؒ دار العلوم کے منتظمین کے مطابق جمعہ کو ادارے کی جانب سے میلاد نبی کے سلسلے میں ادارے میں زیر تعلیم طلبہ ایک جلوس بر آمد کرنے جا رہے ہیں جس کے لئے تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔
 

مسلم پرسنل لاءبورڈ کا خانصاحب میں پروگرام

سرینگر//جموں وکشمیر مسلم پرنسل لاءبورڈ کی یوتھ ونگ کی جانب سے مرکزی جلوس ِ میلاد النبی 12ربیع الاول بمطابق یکم دسمبر کو نائب مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام کی قیادت میں برآمد ہوگا ۔جلوس کا آغاز صبح10بجے مرکزی جامع مسجد خانصاحب بڈگام سے ہوگا اور مختلف علاقوں سے گزر کر یہ جلوس دریگام میں واقع حضرت شیخ العالم ؒ کی زیار ت پر اختتام پذ یر ہوگا جبکہ جلوس میں شامل شرکاءیہیں نماز جمعہ ادا کریں گے۔نماز جمعہ کے موقع پرمفتی ناصر ا لاسلام کا خطاب بھی ہوگا ۔
 

 شوپیان میں چناﺅ فہرستوں کا جائزہ لیا گیا

شوپیان//ای آر او شوپیان شاہد عنایت اللہ نے افسران کی ایک میٹنگ میں چناﺅ فہرستوں کی 2017-18 کے تحت سپیشل سمری رویژن کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں اے ڈی سی شوپیان پرویز سجاد گنائی ،آر اووز اوراے ای آر اووز کے علاوہ نوڈل افسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر اے ڈی سی نے بتایا کہ ضلع کے دو حلقہ انتخابات میں 213پولنگ اسٹیشن ہیں اور اتنی ہی تعدادمیں بی ایل اووز، 2الیکٹورل رجسٹرار آفیسران اور 7اے ای آراووز ہیں۔ میٹنگ کے دوران متعلقہ آفیسران کو مختلف علاقوں میں باقاعدگی کے ساتھ جانکاری کیمپوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ لوگوں میںرائے دہندگی کے بارے میں بیداری پیداہوسکے۔
 

گلمرگ میں نقب زنی

 ٹنگمرگ//سیاحتی مقام گلمرگ میں نقب زنوں نے صنم سٹیڈیو نامی ایک دوکان سے ایک لاکھ روپیہ مالیت کے موبائل فون اڑا لیے۔ گلمرگ کے نیو مارکیٹ میں 28 اور 29 نومبر کی درمیانی رات کو نقب زنی کی یہ واردات رونما ہوئی جس میں نقب زنوں نے فیاض احمد لون ولد عبدالرحیم لون ساکن فیروزپورہ کی دوکان کی چھت توڑ کر وہاں وجود موبائل فون اڑا لئے۔گلمرگ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے۔ (مشتاق الحسن)
 
 

 وزیرا علیٰ، ڈپٹی اسپیکراور  وزیر تعمیرات کا اظہار افسوس

جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ضلع بانڈی پورہ کے گریز علاقے میں سڑک حادثے میں دو پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ وزیرا علیٰ نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہا ر کیا ہے اور ہلاک شد گان کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی ہے۔ محبوبہ مفتی نے ریاست کے پہاڑی علاقوں میں ایسے دلدوز واقعات روکنے کے سلسلے میں ٹریفک اور پولیس اتھارٹیز ہدایت دی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔اس دوران جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نذیر احمد گریزی نے بانڈی پورہ ضلع کے گریز علاقے میں پیش آئے سڑک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فوت شدہ افراد کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔ادھر وزیر تعمیرات نعیم اختر نے بھی گریز حادثہ پر غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے حق میں دعائے مغفرت کی دعا کی۔ 
 

کولگام میں جنگجو معاونت کار کا سرینڈر 

سرینگر// فوجی ذرائع کے مطابق کولگام میں جنگجوئوں کے ایک اعانت کار (OGW)نے فوج کے سامنے سریندر کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ الطاف احمد شیخ حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ کے کافی نزدیکی معاونت کاروں میں شامل تھا ۔اب اس نے کولگام میں ہی فوج کے سامنے سرینڈر کیا ہے ۔اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں ہیں۔
 

سابق وزیر کی گورنر سے ملاقات 

جموں//سابق وزیر شیام لال شرما نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی۔ شرما نے گورنر کو ریاست میں امن و قانون کو بحال رکھنے جیسے اہم معاملات پر گفت شنید کی ۔ گورنر نے شرما پر زور دیا کہ وہ ریاست میں آپسی بھائی چارے اور لوگوں کی بہبودی کے لئے کام کرتے رہے۔