خان سوپوری کس جیل میں ہیں ایک ماہ گزر نے کے باوجود اہل خانہ بے خبر

سوپور // پیپلز لیگ کے علیل ومحبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کے اہل خانہ نے اس بات کو لیکر زبردست تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ایک ماہ کا عرصہ گزرجانے کے باوجود انہیں علیل رہنما کے بارے میں مکمل جانکاری فراہم نہیں کی جارہی ہے کہ بزرگ رہنما کو کس جیل میں رکھا گیا ہے اہل خانہ نے کہا کہ پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری جو کہ کورٹ بلوال جیل جموں میں مقید تھے کو کہیں اور منتقل کیا گیا ہے جبکہ اہل خانہ کو اس بارے میں کوئی علمیت نہیں ہے۔ اہل خانہ نے کہا کہ ایک ماہ قبل ہم غلام محمد خان سوپوری سے ملنے کیلئے کورٹ بلوال جیل گئے تھے تاہم جونہی ہم وہاں پہنچے تو ہمیں بتایا گیا کہ غلام محمد خان سوپوری کو ہریانہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔ مگر تب سے آج تک یہ نہیں بتایا گیا کہ انہیں ہریانہ کے کس جیل میں رکھا گیا ہے۔لواحقین نے کہا کہ بزرگ رہنما غلام محمد خان سوپوری پہلے ہی کئی امراض میں مبتلا ہیں اور اب انہیں نامعلوم جیل پہنچایا جس پرانہیں کافی تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلام محمد خان سوپوری گزشتہ دوبرسوں سے پابند سلاسل ہیں اورکہی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باوجود بھی نظربندی کے ایام کاٹ رہا ہے جس کے نتیجے ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔لواحقین نے انسانی حقوق کی عالمی اور مقامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ علیل رہنما غلام محمد خان سوپوری کی رہائی کے لئے حکومت پر دباو ڈالے۔