خانیار میں 2 اسمگلر دھر لئے گئے

سرینگر// پولیس نے سرینگر میں دو منشیات اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے 6 گرام براؤن شوگر ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کی ایک پارٹی نے شہر خاص کے خانیار علاقے میں بابا داؤد خاکی پل پر ناکہ لگایا اور چیکنگ شروع کی۔ترجمان نے کہا کہ اس دوران پولیس نے دو مشتبہ افراد کو دیکھا جو ناکہ سے بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پولیس کی پارٹی نے ان کا تعاقب کیا اور پکڑ لیا۔ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 6گرام براؤن شوگر جیسی کوئی نشہ آور شئی بر آمد کی گئی جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت محمد عمران خان ساکن  بڈگام اور واحد احمد چھولہ ساکن خانیار کے بطور ہوئی ہے ۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن خانیار میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔